جموں و کشمیر: شوپیاں میں مسلح تصادم میں تین مشتبہ جنگجو مارے گئے

نئی دہلی، دسمبر 20: جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع میں منگل کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں تین مشتبہ جنگجو مارے گئے۔ پولیس نے بتایا کہ مشتبہ عسکریت پسندوں کا تعلق دہشت گرد گروپ لشکر طیبہ سے تھا۔

ایک پولیس اہلکار نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے شوپیاں کے زینا پورہ علاقے کے منجھ مارگ میں جنگجوؤں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد محاصرے اور تلاشی کی کارروائی شروع کی۔ بعد ازاں سرچ آپریشن فائرنگ میں بدل گیا۔

کشمیر زون پولیس نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے عسکریت پسندوں میں سے ایک کی شناخت لطیف لون کے طور پر ہوئی ہے، جو پرانا کرشنا بھٹ نامی کشمیری پنڈت کے قتل میں ملوث تھا۔ دوسرا عسکریت پسند عمر نذیر نیپال سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے قتل میں ملوث تھا۔ تیسرے جنگجو کی شناخت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

پولیس نے بتایا کہ جائے وقوعہ سے ایک AK-47 رائفل اور دو پستول برآمد ہوئے ہیں۔