جے پور: ایک شخص اپنی خالہ کو قتل کرنے اور اس کی لاش ٹکڑوں میں کاٹنے کے الزام میں گرفتار

نئی دہلی، دسمبر 18: این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے ہفتے کے روز کہا کہ انھوں نے جے پور میں ایک شخص کو گرفتار کیا ہے، جس نے اپنی خالہ کو قتل کرنے اور اس کی لاش کے ٹکڑے کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

اس شخص کی شناخت انوج شرما کے نام سے ہوئی ہے، اس نے گذشتہ ہفتے سروج شرما نامی اپنی 64 سالہ خالہ کو اس وقت قتل کر دیا جب اس نے اسے ایک تقریب میں شرکت کے لیے دہلی جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا۔

11 دسمبر کو وہ دونوں گھر میں اکیلے تھے کیوں کہ انوج شرما کے والد اور بہن اندور گئے ہوئے تھے۔ پولیس نے نیوز چینل کو بتایا کہ بھتیجے اور خالہ میں جھگڑے کے بعد، اس نے اپنی خالہ کے سر پر اس وقت ہتھوڑا مارا، جب وہ چائے بنا رہی تھی۔

32 سالہ ملزم نے پھر اپنی خالہ کی لاش کو ماربل کٹر سے 10 ٹکڑوں میں کاٹ کر ایک سوٹ کیس اور بالٹی میں بھر دیا۔ انڈیا ٹوڈے کی خبر کے مطابق اس نے جے پور-دہلی ہائی وے پر جسم کے اعضاء کو پھینک دیا۔

اے این آئی کے مطابق ودیادھر نگر پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤس آفیسر وریندر کولن نے کہا کہ شرما نے لاش کو ٹھکانے لگانے کے لیے گوگل میپس کا استعمال کیا۔

جرم کو انجام دینے کے بعد انوج شرما نے پولیس اسٹیشن میں اپنی خالہ کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی اور دوسرے رشتہ داروں کے ساتھ مل کر اس کی تلاش شروع کردی۔ تاہم ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں اسے ایک سوٹ کیس اور ایک بالٹی کے ساتھ گھر سے نکلتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق تفتیش کے بعد انوج شرما نے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی خالہ کو ہتھوڑے سے قتل کیا تھا۔