مرکز چین کو اس کی بڑھتی ہوئی جارحیت کے بدلے میں انعام دے رہا ہے: اروند کیجریوال

نئی دہلی، دسمبر 18: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اتوار کو کہا کہ مرکزی حکومت لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر بڑھتی جارحیت کے باوجود چین کو انعام دے رہی ہے۔

عام آدمی پارٹی کے سربراہ نے یہ بیان دہلی میں پارٹی کی قومی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

کیجریوال نے کہا کہ ہمارے فوجی سرحدوں پر بہادری سے لڑ رہے ہیں لیکن مسئلہ یہ ہے کہ ہم چین کو اس کی جارحیت کے لیے انعام دے رہے ہیں۔ 2020-21 میں ہم نے چین سے 65 بلین ڈالر (5.37 لاکھ کروڑ روپے) کا سامان درآمد کیا۔ اگلے سال یہ بڑھ کر 95 بلین ڈالر (7.8 لاکھ کروڑ روپے) ہو گیا۔ حکومت چین کو سزا دینے کے بجائے انعام دے رہی ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کی کیا مجبوری ہے؟‘‘

عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے کہا کہ مرکز کو چین کے ساتھ سختی کرنے کی ضرورت ہے۔ انجوں نے کہا کہ ہم چین سے چپل، کھلونے اور کپڑے درآمد کر رہے ہیں۔ ’’کیا یہ چیزیں ہندوستان میں نہیں بن سکتیں؟‘‘

کیجریوال نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ چین میں بنی اشیاء کا بائیکاٹ کریں۔ انھوں نے کہا کہ ’’حکومت کہتی ہے کہ چینی اشیاء سستی ہیں۔ ہم سستی اشیاء نہیں چاہتے۔ ہندوستانی پکے محب وطن ہیں۔ وہ ہندوستان میں بنی اشیاء خریدیں گے، چاہے ان کی قیمت چینی اشیاء سے دگنی کیوں نہ ہو۔‘‘

دہلی کے وزیر اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ مرکز کو اعلیٰ مالیت والے افراد کو یہاں رکھنے کے لیے کام کرنا چاہیے تاکہ ملک برآمدات کے معاملے میں چین کو پیچھے چھوڑ سکے۔ ’’لیکن آپ [مرکز] لوگوں کو ہندوستان سے بھگا رہے ہیں۔ اعلی مالیت والے افراد ملک چھوڑ رہے ہیں۔ ان سب کو واپس بلائیں۔ ان سے کہیں کہ وہ ہندوستان میں سرمایہ کاری کریں، پھر جلد ہی ہم چین کو ایکسپورٹ کرنا شروع کر دیں گے۔‘‘

کیجریوال کے تبصرے 9 دسمبر کو اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان جھڑپ کے بعد سامنے آئے ہیں۔ جھڑپوں کے بعد ہندوستان کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے چین پر تنازعہ بڑھانے کا الزام لگایا تھا۔ دریں اثناء چینی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی فوجیوں نے غیر قانونی طور پر لائن آف ایکچوئل کنٹرول کو عبور کیا۔

بی جے پی کی اروناچل پردیش یونٹ کے سربراہ تاپر گاؤ نے برطانیہ میں مقیم روزنامہ دی ٹیلی گراف کو بتایا کہ ہندوستانی فوج کے چھ اہلکار شدید زخمی ہوئے اور انھیں گوہاٹی لے جایا گیا۔ انھوں نے مزید کہا کہ چینی فوجیوں کے ساتھ تصادم میں کم از کم 20 ہندوستانی فوجی زخمی ہوئے۔