جگدیپ دھنکھر ہوں گے ہندوستان کے اگلے نائب صدر
نئی دہلی، اگست 6: جگدیپ دھنکھر ہندوستان کے اگلے نائب صدر بنیں گے۔ اے این آئی کی خبر کے مطابق لوک سبھا کے جنرل سکریٹری نے ہفتہ کی شام انھیں آج دن میں ہونے والے اس عہدے کے انتخابات کا فاتح قرار دیا۔
780 ایم پی ایز کے الیکٹورل کالج میں سے 725 نے اپنا ووٹ ڈالا۔ ووٹنگ آج صبح شروع ہوئی اور شام 5 بجے ختم ہوئی۔
مغربی بنگال کے سابق گورنر، جنھیں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی طرف سے نامزد کیا گیا تھا، کو 346 ووٹ ملے۔ لوک سبھا کے جنرل سکریٹری اتپل کے سنگھ نے کہا کہ اپوزیشن امیدوار اور سابق مرکزی وزیر مارگریٹ الوا کو 182 ووٹ ملے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پندرہ ووٹوں کو باطل قرار دیا گیا۔
ایوان بالا کی آٹھ نشستیں اس وقت خالی ہیں اور ترنمول کانگریس نے، جس کے 39 ارکان پارلیمنٹ ہیں، انتخاب میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ تاہم پی ٹی آئی کے مطابق پارٹی کے دو ایم پی سسر کمار ادھیکاری اور دیبیندو ادھیکاری نے جمعہ کو ووٹ ڈالا۔
موجودہ نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو کی میعاد 10 اگست کو ختم ہو رہی ہے۔
دھنکھر نے جولائی 2019 میں مغربی بنگال کے گورنر کے طور پر حلف لیا تھا۔ تب سے ان کے اور وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے درمیان کئی معاملات پر اختلافات ہیں۔