اسرائیل نے غزہ پر گذشتہ تین دنوں میں دوسرا فضائی حملہ کیا، کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں
نئی دہلی، جون 18: نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق اسرائیل نے گذشتہ ماہ 11 روز تک جاری رہنے والی لڑائی کے خاتمے کے بعد ایک اور حملے میں جمعرات کی رات غزہ پٹی پر فضائی حملے کیے۔ گذشتہ تین دن میں اسرائیل کی جانب سے یہ دوسرا فضائی حملہ تھا۔
اسرائیلی فوج نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’غزہ سے اسرائیل میں بھیجے جانے والے آتش گیر غباروں کے جواب میں ہم نے غزہ میں حماس سے تعلق رکھنے والے فوجی کمپاؤنڈز اور راکٹ لانچنگ سائٹ پر حملہ کیا۔‘‘
اسرائیلی افواج کے ان دعوؤں کے برخلاف کہ انھوں نے صرف حماس کے کمپاؤنڈس پر حملہ کیا، الجزیرہ نے اطلاع دی ہے کہ جبالیا قصبے کے مشرق میں ایک سول انتظامیہ بلڈنگ اور خان یونس کے جنوبی قصبے کے مشرق میں ایک زرعی حصے کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔
اس حملے میں ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
حماس کے ترجمان فوزی بارہوم نے حملے کے بعد کہا ’’نئی اسرائیلی حکومت کی جانب سے مزاحمتی مقامات پر بم حملے کرنا ایک مذموم حرکت ہے۔ مزاحمت ہمارے عوام کی حفاظت، ہمارے عوام اور ہمارے مقدس مقامات کے دفاع میں جاری رہے گی۔‘‘
بدھ کے روز اسرائیل نے غزہ پر پہلا حملہ 21 مئی کو حماس کے ساتھ جنگ بندی کے بعد کیا تھا۔ اس میں کہا گیا تھا کہ یہ حملہ اس آتشی غبارے کے جواب میں تھا جس کی وجہ سے غزہ کی سرحد کے قریب واقع کمیونٹیوں کے کھلے کھیتوں میں 20 مقامات پر آگ لگی۔
پچھلے مہینے کی جنگ بندی نے اس 11 دن کے تشدد کو ختم کیا تھا جس میں 240 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔ فلسطین کو زیادہ تر جانی نقصان ہوا۔ حماس کے زیر کنٹرول وزارت صحت نے بتایا کہ 232 فلسطینی ہلاک ہوئے۔