سپریم کورٹ جمعہ کو تین طلبا کارکنان کی ضمانت کے حکم کے خلاف پولیس درخواست کی سماعت کرے گا

نئی دہلی، جون 17: بار اینڈ بنچ کی خبر کے مطابق عدالت عظمیٰ طلبا کارکنان دیونگنا کلیتا، نتاشا نروال اور آصف اقبال تنہا کو ضمانت دینے کے ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دہلی پولیس کی طرف سے دائر اپیل کی سماعت جمعہ کے روز کرے گی۔

اس معاملے پر جسٹس ہیمنت گپتا اور وی رامسبرانیم پر مشتمل بنچ سماعت کرے گا۔

منگل کو دہلی ہائی کورٹ نے ان تینوں کارکنان کو ضمانت دیتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

اس کے اگلے دن ہی دہلی پولیس نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور فوری طور پر ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے کی درخواست کی۔ جسسٹس سدھارتھ مردل اور انوپ جے بھمبھانی کے ڈویژن بنچ کے کڑے مشاہدات پر بھی پولیس نے اعتراض کیا۔

معلوم ہو کہ ہائی کورٹ نے ضمانت کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ایسا لگتا ہے کہ حکومت کے اپنے ذہن میں اختلاف رائے کو دبانے کی بے چینی کے سبب احتجاج کے آئینی حق اور دہشت گردی کی سرگرمیوں کے مابین لائن کچھ دھندلے پن کا شکار ہو رہی ہے۔‘‘