جامعہ ہمدرد نے کووڈ 19 سے متاثر طلبا کو مالی مدد فراہم کرنے کے لیے خصوصی فنڈ تشکیل دیا

نئی دہلی، جون 19: جامعہ ہمدرد انتظامیہ ایک خصوصی فنڈ تشکیل دے کر کووڈ 19 وبائی مرض سے متاثر طلبا کی مالی مدد کے لیے آگے آئی ہے۔ جامعہ ہمدرد کے وائس چانسلر نے گروپ ’’اے‘‘ اور اس سے اوپر کے اساتذہ اور نان ٹیچنگ عملے کی تنخواہ کے کچھ حصے میں کمی کے ساتھ ’’مستحق طلبا کی فلاح و بہبود کے لیے وائس چانسلر فنڈ‘‘ تشکیل دے کر اس طرف پہل کی ہے۔

جن طلبا نے اس وبا میں اپنے والدین، ​​نوکری، پیشہ وغیرہ کھوئے ہیں وہ اپنی درخواستوں کے ساتھ تمام متعلقہ دستاویزات اپنے متعلقہ ڈین کے پاس غور کرنے کے لیے جمع کروا کر کچھ مراعات حاصل کرسکتے ہیں۔

ایک اور اہم فیصلے میں یونیورسٹی انتظامیہ نے ہمدرڈ نیشنل فاؤنڈیشن کے ذریعہ دیے گئے فنڈ میں سے کچھ مستحق طلبا کو فیس میں 25 فیصد مراعات دینے کا بھی فیصلہ کیا۔

مالی پریشانی کی وجہ سے اپنی فیسیں جمع کروانے میں تاخیر ہونے پر لیٹ فیس تمام طلبا کے لیے معاف کر دی گئی ہے۔ لیٹ فیس کے بغیر قسطوں میں بھی فیس جمع کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ مراعات حقیقی اور مستحق طلبا کو، مستقل طور پر تشکیل دی گئی کمیٹی کی سفارشات پر دی گئی ہیں۔

وائس چانسلر پروفیسر ایم اے جعفری نے کہا ’’ہم کووڈ 19 سے متاثرہ طلبا کی فیس معاف کر رہے ہیں۔‘‘