ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس میں ہندوستان کا درجہ گر کر 180 ممالک میں 161 پر آ گیا

نئی دہلی، مئی 3: میڈیا پر نظر رکھنے والے ادارے Reporters Sans Frontières نے منگل کو کہا کہ عالمی پریس فریڈم انڈیکس میں ہندوستان کی درجہ بندی 2022 میں 150 ویں سے گر کر اس سال 180 ممالک میں 161 ویں نمبر پر آ گئی ہے۔ غیر سرکاری تنظیم، جسے رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز بھی کہا جاتا ہے، 2002 سے ورلڈ پریس فریڈم انڈیکس شائع کر رہا ہے۔

اپنے پڑوسیوں میں بھارت، پاکستان (150ویں)، افغانستان (152ویں)، سری لنکا (135ویں) اور نیپال (95ویں) سے بھی نیچے ہے۔ یہ بنگلہ دیش (163ویں) اور چین (179ویں) سے بہتر ہے۔ ناروے، آئرلینڈ اور ڈنمارک سرفہرست تین مقامات پر فائز ہیں۔

رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز ممالک میں آزادی صحافت کا جائزہ پانچ بنیادوں- سیاسی، اقتصادی، قانون سازی، سماجی اور سلامتی کی بنیاد پر کرتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے پانچوں بنیادوں پر ہندوستان کی صورت حال ابتر ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر ہندوستان میں صحافت کی آزادی کا سکور 2022 میں 41 سے کم ہو کر اس سال 36.62 ہو گیا۔

رپورٹرز ودآؤٹ بارڈرز نے ریکارڈ کیا ہے کہ بھارت میں جنوری سے اب تک ایک صحافی کو قتل کیا گیا ہے اور 10 زیر حراست ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے ’’صحافیوں کے خلاف تشدد، سیاسی طور پر متعصب میڈیا اور میڈیا کی ملکیت کا ارتکاز یہ سب ظاہر کرتے ہیں کہ ’دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت‘ میں پریس کی آزادی بحران کا شکار ہے۔‘‘