ہندوستان کا نام بدل کر بھارت رکھا جائے گا، جو لوگ اس نام کی تبدیلی کے خلاف ہیں وہ ملک چھوڑ کر جا سکتے ہیں: بی جے پی لیڈر دلیپ گھوش

نئی دہلی، ستمبر 10: مغربی بنگال سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر دلیپ گھوش نے اتوار کو کہا کہ ہندوستان کا نام بدل کر بھارت رکھا جائے گا اور جو لوگ نام کی تبدیلی کے خلاف ہیں وہ ملک چھوڑ کر جا سکتے ہیں۔ میدینی پور کے ایم پی نے یہ بھی کہا کہ کولکاتا میں موجود غیر ملکیوں کے مجسموں کو بھی ہٹا دیا جائے گا۔

کھڑگ پور شہر میں ’’چائے پہ چرچا‘‘ پروگرام میں خطاب کرتے ہوئے بنگال بی جے پی کے سابق سربراہ نے کہا ’’جب ہماری پارٹی مغربی بنگال میں اقتدار میں آئے گی تو ہم کولکاتا میں موجود غیر ملکیوں کے تمام مجسموں کو ہٹا دیں گے۔ انڈیا کا نام بدل کر بھارت رکھا جائے گا۔ جو لوگ اسے پسند نہیں کرتے وہ ملک چھوڑ کر جانے کے لیے آزاد ہیں۔‘‘

ریاست کے ایک اور سینئر بی جے پی لیڈر راہل سنہا نے کہا کہ کسی ملک کے دو نام نہیں ہو سکتے اور یہ نام تبدیل کرنے کا صحیح وقت ہے کیوں کہ عالمی رہنما جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے نئی دہلی میں موجود ہیں۔

وہیں ترنمول کانگریس کے ترجمان سنتانو سین نے الزام لگایا کہ بی جے پی ’’حقیقی مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے کیوں کہ وہ اپوزیشن کے ’’انڈیا‘‘ نامی اتحاد سے خوف زدہ ہے۔‘‘

معلوم ہو کہ کانگریس کی قیادت میں حزب اختلاف کی جماعتوں نے اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لیے انڈین نیشنل ڈیولپمنٹ انکلوسیو الائنس (انڈیا) تشکیل دیا ہے۔