ہندوستان نے کینیڈا میں منتخب ویزا خدمات دوبارہ شروع کیں

نئی دہلی، اکتوبر 25: اوٹاوا میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے بدھ کے روز کینیڈا کے شہریوں کے لیے منتخب ویزا خدمات دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کیا۔

کینیڈا میں ہندوستانی سفارتی مشن نے کہا کہ یہ خدمات صرف ہندوستان میں داخلے، کاروبار، طبی اور کانفرنس ویزا کے لیے جمعرات سے دوبارہ شروع ہوں گی۔ اس میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ ’’سیکیورٹی کی صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا ہے، جس میں اس سلسلے میں کینیڈا کے کچھ حالیہ اقدامات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔‘‘

21 ستمبر کو ہندوستان نے اپنے حکام کو سیکیورٹی خطرات کا حوالہ دیتے ہوئے کینیڈا میں ویزا خدمات کو غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دیا تھا۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم بغچی نے کہا کہ کینیڈا میں ہندوستانی ہائی کمیشن اور قونصل خانوں کے معمول کے کام کاج میں خلل پڑا ہے، کیوں کہ سفارتی عملے کو سیکیورٹی خطرات کا سامنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ تیسرے ممالک سے درخواست دینے والے کینیڈین پاسپورٹ ہولڈرز کو ای ویزا سروس اور ویزا دینا بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

اتوار کے روز وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ اگر ہندوستانی سفارت کاروں کو کینیڈا میں تحفظ فراہم کرنے کا وعدہ کیا جاتا ہے تو ہندوستان کینیڈینوں کے لیے ویزا خدمات دوبارہ شروع کرے گا۔

جے شنکر نے کہا کہ سفارت کاروں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا سفارتی تعلقات پر ویانا کنونشن کا سب سے بنیادی پہلو ہے، جو بین الاقوامی تعلقات اور بین الاقوامی قانون کا سنگ بنیاد ہے۔

یہ بتاتے ہوئے کہ ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان تعلقات ایک ’’مشکل مرحلے‘‘ سے گزر رہے ہیں، وزیر نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان نے اپنے اندرونی معاملات میں ’’مسلسل مداخلت‘‘ کے خدشات کے پیش نظر ملک میں کینیڈا کی سفارتی موجودگی کو کم کرنے کی کوشش کی ہے۔