انڈین کوسٹ گارڈ نے 300 کروڑ روپے مالیت کا گولہ بارود اور منشیات لے جانے والی پاکستانی کشتی پکڑی

نئی دہلی، دسمبر 27: ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے پیر کے روز گجرات کے ساحل کے قریب ایک پاکستانی کشتی کو روک لیا جس میں عملے کے 10 ارکان تھے اور اسلحہ، گولہ بارود اور 300 کروڑ روپے کی مالیت کی 40 کلو گرام منشیات موجود تھی۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق جب محافظوں نے پاکستانی کشتی پر سوار افراد کو نشانہ بنایا، تو کشتی بھاگ گئی اور انتباہی گولیاں چلنے کے بعد بھی نہیں رکی۔

بھارتی کوسٹ گارڈ نے گجرات کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ کے ساتھ مشترکہ آپریشن کے تحت کشتی کو قبضے میں لے لیا۔ انسداد دہشت گردی اسکواڈ کی انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر ہندوستانی کوسٹ گارڈ نے 25 دسمبر کی درمیانی رات کو بین الاقوامی میری ٹائم بارڈر لائن کے قریب علاقے میں گشت کرنے کے لیے اپنے ارینجے جہاز کو حکمت عملی کے ساتھ تعینات کیا تھا۔

انڈین کوسٹ گارڈ نے کہا کہ عملے کے 10 گرفتار ارکان اور کشتی کو تفتیش کے لیے گجرات کی اوکھا بندرگاہ لے جایا جائے گا۔

گذشتہ 18 مہینوں میں یہ ہندوستانی کوسٹ گارڈ اور گجرات کے انسداد دہشت گردی دستے کا ساتواں مشترکہ آپریشن تھا اور منشیات کے ساتھ ساتھ اسلحہ اور گولہ بارود کی پہلی برآمدگی تھی۔

دی ہندو کی خبر کے مطابق گذشتہ 18 مہینوں میں کل 346 کلو گرام ہیروئن جس کی مالیت 1,930 کروڑ روپے ہے، ضبط کی گئی ہے اور 44 پاکستانی اور سات ایرانی عملے کو گرفتار کیا گیا ہے۔