گجرات: ناڈیاڈ میں بارڈر سیکورٹی فورس کے سپاہی کو مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر مار ڈالا گیا، 7 گرفتار

نئی دہلی، دسمبر 27: دی نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق گجرات کے ناڈیاڈ میں ایک بارڈر سیکورٹی فورس کے سپاہی کو مبینہ طور پر پیٹ پیٹ کر ہلاک کر دیا گیا، جب اس نے ایک لڑکے کو ڈانٹنے کی کوشش کی جس نے اس کی نوعمر بیٹی کی فحش ویڈیو نشر کی تھی۔

اے این آئی کے مطابق 24 دسمبر کو متوفی، جس کی شناخت میلجی بھائی واگھیلا کے طور پر کی گئی ہے، 15 سالہ لڑکے کے گھر گیا تھا جس نے مبینہ طور پر ویڈیو آن لائن پوسٹ کی تھی۔

دی ہندو کی خبر کے مطابق لڑکا اور واگھیلا کی بیٹی ایک ہی اسکول میں پڑھتے تھے اور دونوں کا ایک دوسرے سے تعلق تھا۔

جب واگھیلا اس معاملے پر بات کرنے کے لیے لڑکے کے اہل خانہ کے پاس گیا تو انھوں نے اس پر لاٹھیوں اور دیگر چیزوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں اس کی موت واقع ہو گئی۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ومل واجپئی نے دی نیو انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’جب بی ایس ایف جوان اور اس کا خاندان جادھو کے گھر پہنچے تو اس کے والد اور خاندان کے چھ دیگر افراد نے واگھیلا اور اس کے بیٹے کے سروں پر لاٹھی اور درانتی سے حملہ کیا۔ منجولا بین [واگھیلا کی بیوی] کو بھی چوٹیں آئیں۔‘‘

اس حملے میں واگھیلا کا بیٹا بھی زخمی ہوا۔

پیر کے روز پولیس نے ساتوں ملزمان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں سے تمام کو عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔

ان ساتوں کے خلاف دفعہ 302 (قتل)، 307 (قتل کی کوشش)، 143 (غیر قانونی اجتماع) اور دفعہ 147 (فساد) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔