بھارت پاکستان کے ساتھ معمول کے تعلقات چاہتا ہے: نریندر مودی
نئی دہلی، مئی 20: وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کو کہا کہ ہندوستان، پاکستان کے ساتھ معمول کے اور ہمسایہ جیسے تعلقات چاہتا ہے۔
نکی ایشیا کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مودی نے کہا کہ یہ اسلام آباد کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایک ایسا سازگار ماحول پیدا کرے جو دہشت گردی اور دشمنی سے پاک ہو۔
وزیر اعظم نے اخبار کو بتایا کہ ’’اس سلسلے میں ضروری اقدامات کرنے کی ذمہ داری پاکستان پر ہے۔‘‘
مودی نے یہ بیان جی 7 سربراہی اجلاس اور کواڈ لیڈروں کی تیسری ذاتی ملاقات کے لیے اپنے جاپان کے دورے سے پہلے دیا۔ وہ پاپوا نیوجینیا اور آسٹریلیا بھی جائیں گے۔
G7 جاپان، امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، کینیڈا اور اٹلی کے ساتھ ساتھ یورپی یونین پر مشتمل ہے۔ دوسری طرف کواڈ بھارت، امریکہ، جاپان اور آسٹریلیا پر مشتمل ہے۔
جنوری 2016 میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر اور فروری 2019 میں پلوامہ میں سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے قافلے پر دہشت گردانہ حملوں کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے تعلقات خراب ہیں۔
آئین کی دفعہ 370 کو منسوخ کرکے جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اور سابقہ ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے کے ہندوستان کے اقدامات نے بھی پڑوسیوں کے درمیان تعلقات کو کشیدہ کردیا ہے۔
جمعہ کو مودی نے نکی ایشیا کو انٹرویو دیتے ہوئے چین کے ساتھ ہندوستان کے سرحدی تعطل پر بھی بات کی اور کہا کہ نئی دہلی اپنی خودمختاری اور وقار کے تحفظ کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
مودی نے کہا کہ سرحدی علاقوں میں امن و سکون، چین کے ساتھ معمول کے دوطرفہ تعلقات کے لیے ضروری ہے۔ انھوں نے کہا ’’بھارت چین تعلقات کی مستقبل کی ترقی صرف باہمی احترام، باہمی حساسیت اور باہمی مفادات پر مبنی ہو سکتی ہے۔‘‘
نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان جون 2020 میں مشرقی لداخ کی وادی گالوان میں دونوں ممالک کی فوجوں کے درمیان جھڑپ کے بعد سے تعلقات کشیدہ ہیں۔ اس جھڑپ میں بیس ہندوستانی فوجی مارے گئے تھے، جب کہ چین نے اپنی طرف سے ہلاکتوں کی تعداد چار بتائی تھی۔
اروناچل پردیش کے توانگ سیکٹر میں ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان تصادم کے بعد 9 دسمبر کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر بڑھ گئی۔ نئی دہلی نے کہا کہ یہ جھڑپ اس وقت ہوئی جب چینی فوجیوں نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر جمود کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔
مارچ میں ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے کہا تھا کہ نئی دہلی اور بیجنگ کے درمیان تعلقات اس وقت تک معمول پر نہیں آسکتے جب تک کہ سرحدی تنازعہ ستمبر 2020 کے ’’اصولی معاہدے‘‘ کے مطابق حل نہیں ہو جاتا جو انہوں نے سابق چینی وزیر خارجہ یی وانگ کے ساتھ کیا تھا۔