تنازعے کے درمیان کینیڈا نے ہندوستان میں اپنے شہریوں کو چوکس رہنے کو کہا

نئی دہلی، ستمبر 26: کینیڈا نے اتوار کے روز ہندوستان کے لیے اپنی ٹریول ایڈوائزری کو اپ ڈیٹ کیا، جس میں ایک سکھ علاحدگی پسند لیڈر کے قتل پر سفارتی بحران کے تناظر میں سوشل میڈیا پر ملک کے تئیں احتجاج اور ’’منفی جذبات‘‘ کے بارے میں انتباہات شامل ہیں۔

ایڈوائزری میں لکھا ہے ’’براہ کرم چوکس رہیں اور احتیاط برتیں۔‘‘

ایک ہفتہ قبل کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے ملک کی پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ اس کی انٹیلی جنس ایجنسیاں 45 سالہ سکھ علاحدگی پسند لیڈر ہردیپ سنگھ نجار کے قتل سے بھارتی ایجنٹوں کو جوڑنے والے ’’معتبر الزامات‘‘ کی تحقیقات کر رہی ہے۔ کینیڈا کے شہری نجار کو 18 جون کو وینکوور کے باہر نقاب پوش مسلح افراد نے قتل کر دیا تھا۔

ہندوستان نے فوری طور پر ان الزامات کو ’’مضحکہ خیز اور محرک‘‘ قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔ لیکن ٹروڈو نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اوٹاوا کے پاس یہ یقین کرنے کی ’’معتبر وجوہات‘‘ ہیں کہ نجار کے قتل کے پیچھے نئی دہلی کا ہاتھ تھا۔

ہفتے کے روز کینیڈا میں ریاستہائے متحدہ کے سفیر ڈیوڈ کوہن نے تصدیق کی کہ انٹیلی جنس شیئرنگ اتحاد کے ممبران کی طرف سے شیئر کی گئی معلومات نے ٹروڈو کو نجار کے قتل میں بھارتی حکومت کے ممکنہ ملوث ہونے سے آگاہ کیا تھا۔

فائیو آئیز اتحاد امریکہ، برطانیہ، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور کینیڈا پر مشتمل ہے۔

دریں اثنا امریکہ نے بھی ہندوستان سے کہا ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات میں تعاون کرے۔