ہندوستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر 1.41 لاکھ نئے کووِڈ کیسز رپورٹ ہوئے، 285 مزید اموات

نئی دہلی، جنوری 8: آج صبح تک ہندوستان میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 1,41,986 نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے، جو جمعہ کی تعداد سے 21.3 فیصد زیادہ ہیں۔ وائرس کی وجہ سے مزید 285 اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد بڑھ کر 4,83,463 ہوگئی۔

یومیہ مثبتیت کی شرح 9.28 فیصد تک بڑھ گئی اور فعال کیسز 4,72,169 رہے۔ ہندوستان میں متاثرین کی صحت یابی کی شرح 97.3 فیصد ہے۔

وائرس کی اومیکرون قسم کے کیسز گزشتہ روز کے 3,007 سے بڑھ کر 3,071 ہو گئے۔ اس قسم کے کیسز کی 27 ریاستوں میں اطلاع دی گئی ہے، مہاراشٹر میں سب سے زیادہ تعداد 876 اور اس کے بعد دہلی میں 513 انفیکشن کے ساتھ۔

جمعہ کے روز کرناٹک میں کیسوں کی تعداد میں زبردست اضافہ درج کیا گیا، جہاں 8,449 نئے انفیکشن کی اطلاع ملی جن میں سے 6,812 بنگلورو اربن سے تھے۔ ریاستی دارالحکومت میں روزانہ کیسوں کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ پچھلے دن بنگلورو میں 4,324 کیس رپورٹ ہوئے تھے۔

جمعہ کو مہاراشٹر میں 40,925 اور دہلی میں 17,335 نئے کیس رپورٹ ہوئے۔ اکیلے ممبئی میں مہاراشٹر کے نصف سے زیادہ نئے کیس رپورٹ ہوئے، جہاں 20,971 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ممبئی کے کیسز میں سے 84 فیصد غیر علامتی ہیں۔

ممبئی کے میئر نے قبل ازیں انتباہ کیا تھا کہ اگر شہر میں ایک دن میں 20,000 نئے کیسز سے تجاوز ہوا تو لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔