این آئی اے نے جموں و کشمیر میں سیاسی کارکنان اور سرکاری ملازمین کے گھروں پر چھاپے مارے
نئی دہلی، نومبر 25: کشمیر والا کی خبر کے مطابق نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) نے آج جموں و کشمیر کے شوپیاں ضلع میں سیاسی کارکنوں اور سرکاری ملازمین کے گھروں کی تلاشی لی۔
یہ تلاشیاں انسانی حقوق کے کارکن خرم پرویز کی 22 نومبر کو ہوئی گرفتاری کے چند دن بعد کی گئیں۔
اسکرول ڈاٹ اِن کے مطابق پرویز پر دفعہ 38 (دہشت گرد تنظیم کی رکنیت سے متعلق جرم) اور غیر قانونی سرگرمیاں روک تھام ایکٹ کی دفعہ 40 کے تحت الزام عائد کیا گیا تھا، جو دہشت گردی کی مالی معاونت کا احاطہ کرتا ہے۔
کشمیر ڈاٹ کام کے مطابق ایک نامعلوم اہلکار نے بتایا کہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ انسانی حقوق کے کارکن اور وکیل پرویز امروز کے گھر کی بھی تلاشی لی جا رہی ہے۔
امروز جموں و کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے بانی ہیں۔ وہ خرم پرویز کے ساتھ دو دہائیوں سے قریب سے کام کر رہے تھے۔
کشمیر والا نے کشمیر نیوز ٹرسٹ کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ جمعرات کو نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی کے اہلکار نیم فوجی دستوں اور جموں و کشمیر پولیس کے ہمراہ شوپیاں ضلع کے واچی علاقے میں متعدد گھروں پر چھاپوں کے دوران موجود تھے۔