حجاب کو لے کر تنازعہ: ریاست میں بدامنی پھیلنے پر کرناٹک کے ہائی اسکول اور کالجز تین دن کے لیے بند
نئی دہلی، فروری 8: تعلیمی اداروں میں طالبات کو حجاب پہننے کی اجازت دینے پر بڑھتے ہوئے تنازعے کے درمیان کرناٹک حکومت نے آج اعلان کیا کہ ریاست کے تمام ہائی اسکول اور کالج 9 فروری سے 11 فروری کے درمیان تین دن کے لیے بند رہیں گے۔
وزیر اعلی بسواراج بومائی نے ٹویٹر پر یہ اعلان کیا۔ انھوں نے کنڑ میں ایک ٹویٹ میں لکھا ’’میں تمام طلبا، اساتذہ اور اسکولوں اور کالجوں کی انتظامیہ کے ساتھ ساتھ کرناٹک کے لوگوں سے امن اور ہم آہنگی برقرار رکھنے کی اپیل کرتا ہوں۔‘‘
یہ فیصلہ ایسے وقت میں آیا جب حجاب پہننے والی طالبات کے خلاف مظاہرے ریاست کے دیگر حصوں میں پھیل گئے ہیں۔
آج صبح اڈوپی ضلع کے مہاتما گاندھی میموریل کالج کی ایک ویڈیو میں مسلم طالبات کو حجاب پہنے ہوئے اور ’’ہمیں انصاف چاہیے‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دکھایا گیا، جب کہ زعفرانی شالیں پہنے طلبا کا ایک بڑا گروپ ان کا سامنا کر رہا ہے۔ اس کے بعد لڑکے اپنی شالیں لہراتے اور نعرے لگاتے نظر آتے ہیں۔
دی نیوز منٹ نے رپورٹ کیا کہ پہلے دن میں طلباء کے دونوں گروپس کو کالج میں داخل ہونے سے روک دیا گیا تھا۔ ہندو برادری کے مظاہرین کا کہنا تھا کہ انھیں بھگوا شال ہندوتوا تنظیم ہندو جاگرن ویدیکے سے ملی ہیں۔
ٹائمز ناؤ نے رپورٹ کیا کہ ایک مسلمان طالبہ نے کہا کہ کالج انتظامیہ نے انھیں کہا کہ یا تو اپنے حجاب اتار دیں یا گھر واپس چلے جائیں۔ ایک اور طالبہ نے بتایا کہ کالج نے پہلے انھیں حجاب پہننے کی اجازت دی تھی لیکن اچانک ان پر اعتراض کرنا شروع کر دیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق صورت حال پر قابو پانے کے لیے بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں کو کالج بلایا گیا۔
دریں اثنا کرناٹک کے منڈیا شہر کے پی ای ایس کالج میں ایک برقعہ پوش مسلم خاتون کو زعفرانی شالیں لپیٹے ہوئے طالب علموں نے ہراساں کیا۔ واقعے کی ایک ویڈیو میں مردوں کے ایک گروپ کو جے شری رام کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر خاتون اللہ اکبر کہتی ہے۔
When Muslim girl arrives at PES College, She’s been heckled by several ‘students’ wearing #saffronshawls #KarnatakaHijabRow pic.twitter.com/qa3UDbMPST
— Mohammed Zubair (@zoo_bear) February 8, 2022
دی ہندو کی خبر کے مطابق ریاست کے تین کالجوں نے بھی منگل کو چھٹی کا اعلان کیا تھا۔
اڈپی میں مہاتما گاندھی میموریل پری یونیورسٹی اور ڈگری کالج، دونوں ایک ہی احاطے میں واقع ہیں، اور جنوبی کنڑ ضلع کے گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے چھٹی کا اعلان کیا ہے۔
شیواموگا ضلع کی ایک ویڈیو میں زعفرانی اسکارف پہنے طالب علموں کے ایک گروپ کو زعفرانی پرچم لہراتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ دی نیوز منٹ کے مطابق یہ واقعہ شیواموگا کے گورنمنٹ فرسٹ گریڈ کالج میں پیش آیا، جس کے بعد کیمپس میں پتھراؤ کیا گیا۔