اگر رام نگر ضلع کا نام تبدیل کیا جاتا ہے تو میں بھوک ہڑتال کروں گا: ایچ ڈی کمار سوامی

نئی دہلی، اکتوبر 27: جنتا دل (سیکولر) کے لیڈر ایچ ڈی کمار سوامی نے جمعرات کو کہا کہ اگر کرناٹک حکومت رام نگر ضلع کا نام بدل کر بنگلورو ساؤتھ رکھ دیتی ہے، تو وہ بھوک ہڑتال شروع کریں گے۔

کمار سوامی کا یہ بیان، کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار کے یہ کہنے کہ ایک دن بعد سامنے آیا ہے کہ رام نگر ضلع، جس میں چنا پٹنا، رام نگر، کنکا پورہ، مگڈی اور ہروہلی تعلقہ ہیں، کا نام بدل کر بنگلورو ساؤتھ رکھا جا سکتا ہے۔

ڈی کے شیوکمار نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا ’’اس منصوبے کو کیا شکل دینی ہے، میں آنے والے دنوں میں اس کے بارے میں بات کروں گا۔‘‘ انھوں نے یہ بھی کہا کہ پورا رام نگر ضلع بنگلورو کی حدود میں ہے اور اس کے چار تعلقہ کے باشندے ’’بنگلور کے باشندے‘‘ ہیں۔

کمارسوامی نے، جو جنتا دل (سیکولر)-بھارتیہ جنتا پارٹی کی مخلوط حکومت کے وزیر اعلیٰ تھے، جب اگست 2007 میں رام نگر ضلع بنایا گیا تھا، شیوکمار کو یہ کہتے ہوئے جواب دیا کہ وہ نام تبدیل کرنے کی تجویز کو ایک چیلنج کے طور پر دیکھتے ہیں۔

کمارسوامی نے کہا ’’میرا رام نگر کے ساتھ جذباتی رشتہ ہے۔ میرا اس ضلع سے کوئی کاروباری تعلق نہیں ہے۔ اگر رام نگر ضلع کا نام تبدیل کیا جاتا ہے تو میں اپنی خراب صحت کے باوجود اپنی جان خطرے میں ڈالنے اور مرتے دم تک انشن پر بیٹھنے کو تیار ہوں۔‘‘

بدھ کو کمارسوامی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ رام نگر کا نام تبدیل کرنے کی تجویز ایک نئے بنائے گئے ضلع کی شناخت پر ڈاکہ ڈالنے کی کوشش ہے۔

دریں اثنا کرناٹک کے وزیر اعلی سدارامیا نے کہا کہ شیوکمار نے ان سے اس معاملے پر بات نہیں کی ہے۔ ’’میں نہیں جانتا کہ ان کے دماغ میں کیا چل رہا ہے۔‘‘

معلوم ہو کہ ڈی کے شیوکمار رام نگر ضلع کے کنکا پورہ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔