گیانواپی مسجد کیس کا فیصلہ عدالت اور آئین کریں گے، بی جے پی صدر جے پی نڈا نے پریس کانفرنس میں کہا
نئی دہلی، مئی 31: بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر جے پی نڈا نے پیر کو کہا کہ گیانواپی مسجد تنازعہ کا فیصلہ عدالتیں اور آئین کریں گے۔
نریندر مودی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کی آٹھویں سالگرہ کے موقع پر دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نڈا نے کہا کہ بی جے پی ’’سب کو ساتھ لے کر چلنے‘‘ کے لیے تیار ہے اور عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کرے گی۔
انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہمیشہ ملک کی ثقافتی ترقی کے بارے میں بات کی ہے۔
نڈا نے ان تجاویز کو بھی مسترد کر دیا کہ سماج کے کچھ طبقے مودی حکومت میں خود کو الگ تھلگ محسوس کرتے ہیں۔
اس سوال کے جواب میں کہ آیا وارانسی اور متھرا کے مندروں پر دوبارہ دعویٰ کرنا بی جے پی کے ایجنڈے میں شامل ہے، نڈا نے پیر کو کہا کہ پارٹی نے ایودھیا رام جنم بھومی کیس پر 1989 میں ایک قرارداد پاس کی تھی، لیکن اس کے بعد سے ایسی کوئی قرارداد منظور نہیں ہوئی۔
بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے ایڈوانی نے ایودھیا میں بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کے لیے ایک مہم کی قیادت کی تھی، جب 1992 میں منہدم کر دیا گیا تھا۔ اس سے قبل پارٹی نے 1989 میں اپنی قومی ایگزیکیٹو میٹنگ میں ایک قرارداد منظور کی تھی۔ 2019 میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اس جگہ پر رام مندر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوئی۔
نڈا کے تبصرے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کے اس تبصرے کے ایک دن بعد سامنے آئے ہیں کہ ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کے آغاز کے بعد، کاشی اور متھرا کے معاملے بھی جاگ رہے ہیں۔
ہندو وکیلوں نے مسلمانوں کو وارانسی کی گیانواپی مسجد، جسے کاشی بھی کہا جاتا ہے، اور متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد میں نماز ادا کرنے سے روکنے کی کوشش کی ہے۔
وارانسی کی سول عدالتوں سے لے کر نئی دہلی میں سپریم کورٹ تک کاشی وشوناتھ مندر کے ساتھ واقع گیانواپی مسجد کے بارے میں کئی عرضیوں کی سماعتیں ہو رہی ہیں۔
گیانواپی مسجد کیس کے مدعی نے دعویٰ کیا ہے کہ اس مقام پر ہندو دیوتا شرنگر گوری کی تصویر موجود ہے۔ دوسری جانب شاہی عیدگاہ مسجد کیس کے مدعیان نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ جگہ ہندو دیوتا کرشن کی جائے پیدائش ہے۔