گجرات بی جے پی نے بھگونت مان کے ساتھ تصویر شیئر کرنے کرنے والے اپنے سابق ترجمان کو معطل کر دیا
نئی دہلی، اکتوبر 3: بھارتیہ جنتا پارٹی کی گجرات یونٹ نے پیر کو پارٹی کے ایک کارکن کو اس کے چند گھنٹے بعد معطل کر دیا جب اس نے سوشل میڈیا پر پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی۔
بھگوا پارٹی کے ایک سابق ترجمان کشن سنگھ سولنکی نے فیس بک پر تصویر شیئر کی تھی جس میں انھوں نے مان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی سال گرہ پر مبارکباد دی تھی۔
گجرات بی جے پی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سولنکی کو ’’پارٹی مخالف سرگرمیوں‘‘ کے سبب چھ سال کے لیے معطل کر دیا گیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ان کی معطلی کا حکم پارٹی کے ریاستی سربراہ سی آر پاٹل نے دیا ہے۔
گجرات بی جے پی کے ترجمان یگنیش ڈیو نے کہا کہ سولنکی پارٹی کی میڈیا ٹیم کا حصہ تھے اور ترجمان کے طور پر خدمات انجام دیتے تھے، لیکن فی الحال وہ کسی عہدے پر فائز نہیں ہیں۔
ڈیو نے کہا ’’وہ [سولنکی] بی جے پی میڈیا سیل کے کنوینر تھے اور تقریباً چھ ماہ قبل اس عہدے سے ہٹائے جانے سے پہلے پارٹی کی جانب سے ٹی وی مباحثوں میں نظر آتے تھے۔‘‘