گوپال کرشن گاندھی نے صدارتی انتخابات کے لیے اپوزیشن کا امیدوار بننے کی پیشکش مسترد کر دی

نئی دہلی، جون 20: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق مغربی بنگال کے سابق گورنر گوپال کرشن گاندھی نے پیر کو اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ صدارتی امیدوار بننے کی درخواست کو مسترد کر دیا۔

ایک بیان میں سابق سرکاری ملازم نے کہا کہ اپوزیشن کو ایسے امیدوار کی ضرورت ہے جو قومی اتفاق رائے پیدا کرے اور اتحاد کو یقینی بنائے۔

گاندھی نے کہا ’’میں ان [اپوزیشن] کا بہت شکر گزار ہوں۔ مجھے لگتا ہے کہ اور بھی لوگ ہوں گے جو یہ کام مجھ سے کہیں بہتر کریں گے۔‘‘

گاندھی نے کہا کہ انھوں نے اپوزیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کے لیے کسی اور شخص کو موقع دیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ ’’بھارت کو اس عہدے کے لائق صدر ملے جو راجا جی نے آخری گورنر جنرل کے طور پر پیش کیا تھا اور ڈاکٹر راجیندر پرساد نے ہمارے پہلے صدر کے طور پر جس کا افتتاح کیا تھا۔‘‘

77 سالہ کرشن گاندھی، جو جنوبی افریقہ اور سری لنکا میں ہندوستان کے ہائی کمشنر کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں، مہاتما گاندھی اور ہندوستان کے سابق گورنر جنرل سی راجگوپالاچاری کے پوتے ہیں۔

گاندھی تیسرے سیاسی رہنما ہیں جنھوں نے صدر کے عہدے کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر اپنا نام واپس لیا۔

گذشتہ ہفتے نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے سربراہ شرد پوار اور نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ نے صدارتی عہدے کے لیے انتخاب لڑنے کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔

عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر ایک نازک موڑ سے گزر رہا ہے اور اس وقت جموں و کشمیر کو ان کی کوششوں کی ضرورت ہے۔

صدارتی انتخاب 18 جولائی کو ہونا ہے اور ووٹوں کی گنتی 21 جولائی کو ہوگی۔ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 29 جون ہے۔

صدر کا انتخاب الیکٹورل کالج کے ممبران کے ذریعے کیا جاتا ہے جس میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے ممبران پارلیمنٹ اور دہلی اور پڈوچیری کے مرکز کے زیر انتظام علاقوں سمیت تمام ریاستوں کے ایم ایل ایز شامل ہوتے ہیں۔

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے 19 سیاسی جماعتوں کے لیڈروں کو 15 جون کو دہلی میں ہونے والی میٹنگ میں مدعو کیا تھا، تاکہ صدارتی انتخاب پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے۔ پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ امیدوار کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے اگلی میٹنگ منگل کو ہونے کا امکان ہے۔

ترنمول کانگریس کے ایک نامعلوم رہنما نے پیر کو پی ٹی آئی کو بتایا کہ اپوزیشن لیڈر اب سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کو مشترکہ نامزدگی کی پیشکش کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔

سنہا نے گزشتہ سال ترنمول کانگریس میں شمولیت اختیار کی تھی۔