’’ناخواندگی سے آزادی: ہر ایک، دس کو سکھائے‘‘، TWEET نے قومی سطح کی خواندگی مہم کا آغاز کیا

نئی دہلی، اگست 9: دی ویمن ایجوکیشن اینڈ امپاورمنٹ ٹرسٹ (TWEET) نے، جو ’وژن 2026‘ پروجیکٹ کو نافذ کرنے والے اداروں میں سے ایک ہے، نے ایک نئی قومی سطح کی سال بھر کی مہم ’ناخواندگی سے آزادی: ہر ایک، دس کو سکھائے‘ شروع کی ہے۔

اس مہم کا مقصد ملک بھر میں ناخواندہ بالغ خواتین کو فعال خواندگی فراہم کرنا ہے۔ TWEET نے اس مہم کا آغاز اس وقت کیا ہے، جب ملک 15 اگست کو اپنا 76 واں یوم آزادی منانے کے لیے تیار ہے۔

TWEET نئی دہلی میں قائم ایک قومی سطح کی این جی او ہے جو خواتین کو بااختیار بنانے کے اقدامات کو ’وژن 2026‘ کے تحت عمل میں لانے کے لیے قائم کی گئی ہے- یہ ایک فلیگ شپ پروجیکٹ ہے جسے TWEET سمیت سات این جی اوز نے نافذ کیا ہے۔ یہ وژن ملک میں پسماندہ اور محروم طبقوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت میں پائیدار تبدیلی لانے کے لیے ایک دہائی طویل پروگرام ہے۔ اپنے آغاز سے ہی وژن ناخواندگی کے خاتمے کے لیے متعدد پروگراموں پر عمل درآمد کر رہا ہے۔

اس مہم کا آغاز اتوار کے روز پریس کلب آف انڈیا، نئی دہلی میں TWEET کی چیئرپرسن رحمت النساء اے نے، شائستہ رفعت، جنرل سکریٹری TWEET اور ڈاکٹر شرناس متھو، خزانچی TWEET کی موجودگی میں کیا۔

رحمت النساء نے مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ’’ناخواندگی سے آزادی: ہر ایک، دس کو سکھائے‘‘ مہم کا بڑا مشن پورے ملک میں تعلیم یافتہ خواتین کو اس اقدام کے لیے رضاکارانہ طور پر شامل کرنا ہے تا کہ وہ کم از کم 10 ناخواندہ بالغ خواتین کو تعلیم دیں اور ان کی زندگیوں پر ایک قابل ذکر اثر پیدا کریں۔‘‘

مہم کا تعارف کرواتے ہوئے شائستہ رفعت نے کہا ’’TWEET کا مقصد خواتین کے بڑے مسائل جیسے کہ بے روزگاری، غربت، سماجی پسماندگی اور بدامنی، امتیازی سلوک، جبر، اور دیگر کو مؤثر طریقے سے مہم کے ذریعے حل کرنا ہے۔‘‘

ہندوستان کا قومی خواندگی مشن خواندگی کو پڑھنے، لکھنے اور ریاضی کی مہارتوں کو حاصل کرنے اور ان کو اپنی روزمرہ کی زندگی میں لاگو کرنے کی صلاحیت کے طور پر بیان کرتا ہے۔ نیشنل فیملی ہیلتھ سروے (NFHS-5) 2019-21 کے مطابق ملک میں بالغ خواتین (15-49 سال) میں خواندگی کی شرح 71.5% ہے، جب کہ بالغ مردوں میں خواندگی کی شرح 87.4% ہے۔