کوٹہ میں اس ماہ خودکشی کا چوتھا واقعہ: بہار سے تعلق رکھنے والے ایک آئی آئی ٹی-جے ای ای کے امیدوار نے خودکشی کی
نئی دہلی، 16 اگست: پولیس نے بتایا کہ بہار کے گیا سے تعلق رکھنے والے ایک 18 سالہ IIT-JEE کے امیدوار نے اپنے پی جی روم میں مبینہ طور پر خود کو پھانسی لگا لی۔
یہ رواں ماہ اس طرح کا چوتھا واقعہ ہے۔
یہ واقعہ رات کو منظر عام پر آیا جس کے بعد پولیس نے لاش کو قبضے میں لے کر اس کے والدین کی آمد کے بعد پوسٹ مارٹم کے لیے نیو میڈیکل کالج اسپتال (این ایم سی ایچ) کے مردہ خانے میں رکھوا دیا۔
مبینہ طور پر والمیکی پرساد گذشتہ تعلیمی سیشن سے ایک کوچنگ انسٹی ٹیوٹ میں IIT-JEE کے داخلہ امتحان کے لیے کوچنگ لے رہا تھا اور مہاویر نگر علاقے میں ایک PG روم میں رہ رہا تھا۔
مہاویر نگر پولیس اسٹیشن کے سرکل انسپکٹر پرمجیت پٹیل نے بتایا کہ متوفی نوجوان نے مبینہ طور پر منگل کو کسی وقت اپنے پی جی روم کے دروازے کے لوہے کے اینگل سے خود کو لٹکا لیا۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ کو آخری بار پیر کی شام دیکھا گیا تھا۔
سرکل انسپکٹر نے بتایا کہ یہ واقعہ منگل کی شام 8 بجے کے قریب منظر عام پر آیا جس کے بعد لاش کو کمرے سے برآمد کرکے NMCH مردہ خانہ میں رکھا گیا۔
انھوں نے مزید کہا کہ کوئی خودکشی نوٹ برآمد نہیں ہوا ہے اور اس انتہائی قدم کے پیچھے کی وجہ کی ابھی تک تفتیش نہیں ہو سکی ہے۔
اس سے قبل کوٹا میں سی ماہ تین دیگر کوچنگ کے طلبا، دو IIT-JEE کے امیدوار اور ایک NEET-UG کا امیدوار، خودکشی کے مشتبہ واقعات میں ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس سال جنوری سے ایسے واقعات کی تعداد بڑھی ہے جو 20 تک پہنچ گئی ہے۔ پچھلے سال بھی کوچنگ ہب کوٹا میں کوچنگ کے طلباء کے ذریعہ خودکشی کے کم از کم 15 واقعات رپورٹ ہوئے تھے۔