گذشتہ تین سالوں میں نیم فوجی دستوں کے 436 اہلکاروں نے خودکشی کی: وزارت داخلہ

نئی دہلی، مارچ 16: مرکزی وزارت داخلہ نے بدھ کو پارلیمنٹ کو مطلع کیا کہ نیم فوجی دستوں کی سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز، نیشنل سیکورٹی گارڈ اور آسام رائفلز کے کل 436 اہلکاروں نے گذشتہ تین سالوں میں خودکشی کی ہے۔

وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے کے ذریعہ شیئر کردہ اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ خودکشی سنٹرل ریزرو پولیس فورس میں کی گئی، جس میں گذشتہ تین سالوں میں 154 اہلکاروں نے خودکشی ی۔ وہیں بارڈر سیکورٹی فورس میں 111 اہلکاروں کی خودکشی کی اطلاع ہے۔ 2020 اور 2022 کے درمیان 63 سنٹرل انڈسٹریل سیکورٹی فورس کے جوانوں نے خودکشی کی۔

وزیر نے کہا کہ مرکز نے خودکشیوں کی روک تھام کے لیے تدارکاتی اقدامات تجویز کرنے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے۔ انھوں نے سیکیورٹی فورسز میں خودکشی کے واقعات کو روکنے کے لیے کیے گئے متعدد اقدامات کی فہرست بھی دی۔ اس میں تبادلے اور رخصت سے متعلق شفاف پالیسیاں، فوجیوں کے ساتھ افسران کی باقاعدہ بات چیت، فوجیوں کے لیے حالاتِ زندگی کو بہتر بنانا، مناسب تفریحی سرگرمیاں فراہم کرنا شامل ہیں۔

وزارت نے ایک علیحدہ سوال کے جواب میں یہ بھی بتایا کہ مرکزی مسلح پولیس فورسز میں فی الحال 84,866 آسامیاں ہیں۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس میں سب سے زیادہ 29,283 آسامیاں ہیں، اس کے بعد بارڈر سیکیورٹی فورس میں 19,987 اور سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس میں 19,475 آسامیاں ہیں۔

مرکز نے ایک تحریری جواب میں کہا ’’سی اے پی ایف میں آسامیاں ریٹائرمنٹ، استعفیٰ، پروموشن، موت، بٹالین میں اضافہ، نئے عہدوں کی تخلیق وغیرہ کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں۔ گذشتہ پانچ مہینوں میں CAPFs میں 31,785 اہلکاروں کی بھرتی کی گئی ہے۔‘‘

وزارت نے کہا کہ سینٹرل آرمڈ پولیس فورسز میں ڈاکٹروں کی 247 آسامیاں خالی ہیں، جب کہ نرسوں اور دیگر طبی پیشہ ور افراد کی 2,354 آسامیاں ہیں۔