بی جے پی کی ترجمان نپور شرما کے خلاف پیغمبر اسلام کے بارے میں نازیبا تبصرہ کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی

نئی دہلی، مئی 29: لائیو لا کی خبر کے مطابق ممبئی پولیس نے ہفتہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی قومی ترجمان نپور شرما کے خلاف پیغمبر اسلام کے بارے میں ان کے نازیبا تبصروں پر مقدمہ درج کیا۔

بی جے پی لیڈر نے جمعرات کو ٹائمز ناؤ چینل پر گیانواپی مسجد-کاشی وشوناتھ مندر تنازعہ کے بارے میں ایک شو کے دوران تبصرہ کیا۔ اس کے ایک دن بعد سوشل میڈیا پر ایک بڑا تنازعہ کھڑا ہونے کے بعد نیوز چینل نے شرما کے تبصروں سے خود کو الگ کر لیا۔

ٹائمز ناؤ نے جمعہ کو ایک ٹویٹ میں کہا ’’ہم اپنے مباحثے کے شرکاء کو تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ساتھی پینلسٹ کے خلاف غیر پارلیمانی زبان میں ملوث نہ ہونے کی تاکید کرتے ہیں۔‘‘

شرما کے خلاف پہلی اطلاعاتی رپورٹ مسلم تنظیم رضا اکیڈمی کی شکایت پر تعزیرات ہند کی دفعہ 295A (مذہبی جذبات کو مشتعل کرنے کے مقصد سے کام کرنا)، 153A (مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینا) اور 505B (ریاست کے خلاف یا عوامی امن کے خلاف جرم کرنے پر اکسانا) کے تحت درج کی گئی۔

آلٹ نیوز کے شریک بانی محمد زبیر نے جمعہ کو شرما کے تبصروں کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی۔ شرما نے کہا ہے کہ اس کے بعد انھیں عصمت دری اور جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔ انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ’’میں نے دہلی پولیس کو بھی اس کی اطلاع دی ہے۔‘‘

شرما نے زبیر پر ان دھمکیوں کا ذمہ دار ہونے کا الزام لگایا۔ بی جے پی لیڈر نے اے این آئی کو بتایا کہ زبیر کی طرف سے ٹوئٹ کیا گیا کلپ ٹائمز ناؤ پر ہونے والی بحث سے ’’بہت زیادہ ترمیم شدہ اور منتخب کردہ ویڈیو‘‘ ہے۔

تاہم زبیر نے شرما کو بتایا کہ وہ ایک صحافی کے طور پر ان کے تبصرے شیئر کر کے اپنا کام کر رہے ہیں۔

زبیر نے کہا ’’پولیس کو ان دھمکیوں کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے، لیکن یہ آپ کو براہ راست ٹیلی ویژن پر مذہبی اقلیتوں کے خلاف انتہائی نفرت انگیز باتیں کہنے کا جواز پیش نہیں کرتا ہے۔ اگر کوئی واقعتاً نفرت اور تشدد کو ہوا دے رہا ہے، تو آپ اور چینل اس کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔‘‘

ہفتہ کو جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے بھی شرما کے خلاف ان کے تبصروں کے لیے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔

یوتھ نیشنل کانفرنس کشمیر کے صوبائی صدر سلمان علی ساگر نے ایک بیان میں کہا ’’پارٹی ایک قومی ٹی وی نیوز چینل پر ایک مباحثے کے دوران پیغمبر اسلام محمد کے خلاف بی جے پی کے ترجمان کے ’’توہین آمیز، جارحانہ اور خوفناک حد تک تکلیف دہ تبصروں پر ناراضگی کا اظہار کرتی ہے۔‘‘

انھوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کو ’’اس طرح کے توہین آمیز تبصروں کے لیے‘‘ معافی مانگنی چاہیے، جن میں فرقہ وارانہ جذبات کو بھڑکانے کے لیے مسلمانوں کے لیے مقدس ترین نام کا استعمال کیا گیا۔