ULFA (I) کے سربراہ سے معافی مانگنے پر آسام کے وزیراعلیٰ نے ریاستی وزیر کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا

نئی دہلی، مئی 29: آسام کے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے ریاستی وزیر سنجے کشن کو یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (آزاد) کے سربراہ پریش بروہ سے معافی مانگنے پر وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا ہے۔

اس علاحدگی پسند تنظیم پر، جسے عرف عام میں ULFA (I) کہا جاتا ہے، بھارتی حکومت نے 1990 میں پابندی لگا دی تھی۔

15 مئی کو ULFA (I) نے کشن کو بروہ کو جھوٹا کہنے پر عوامی طور پر معافی مانگنے کے لیے 24 گھنٹے کا الٹی میٹم دیا تھا۔ نارتھ ایسٹ ناؤ کی خبر کے مطابق وزیر نے اسے اس لیے جھوٹا قرار دیا تھا کہ اس نے کہا تھا کہ تنظیم کے ایک رکن بیجو گوگوئی نے فروری میں تنظیم کے کیمپ میں خودکشی کر لی تھی۔

ULFA (I) نے متنبہ کیا کہ اگر کشن معافی مانگنے میں ناکام رہے تو آسام کے تینسوکیا اور ڈبرو گڑھ اضلاع میں عوامی تقریبات میں ان کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

اس کے کچھ گھنٹوں بعد وزیر نے معافی نامہ جاری کر دیا تھا۔

وجہ بتاؤ نوٹس میں سرما نے کشن سے کہا ہے کہ وہ وضاحت کریں کہ انھوں نے بروہ سے معافی کیوں مانگی۔

وزیر نے پہلے کہا تھا ’’ہمارے وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما آسام میں امن قائم کرنے کے لیے ULFA (I) کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے ماحول پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں

اور میں نہیں چاہتا کہ یہ ماحول خراب ہو۔ میں نے ابھی کچھ نوجوانوں کے ULFA میں شامل ہونے کے بارے میں بات کی ہے اور اگر میرا تبصرہ کسی بھی طرح سے پریش بروہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے تو میں اس کے لیے معافی مانگتا ہوں۔‘‘