الیکشن کمیشن نے 30 ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات کے اختتام تک بھبانی پور میں ممنوعہ احکامات نافذ کیے

نئی دہلی، ستمبر 29: ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے منگل کے روز مغربی بنگال کے بھبانی پور حلقے میں ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144 کے تحت پانچ یا اس سے زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے، جہاں ضمنی انتخابات جمعرات کو ہوں گے۔

ممنوعہ احکامات منگل کی شام 6.30 بجے سے نافذ العمل ہوئے ہیں اور اس نشست پر پولنگ کے اختتام تک نافذ رہیں گے، جہاں سے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی انتخاب لڑ رہی ہیں۔

اس سے قبل دن میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک وفد نے الیکشن کمیشن کے حکام سے ملاقات کی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ علاقے میں ممنوعہ احکامات نافذ کیے جائیں اور مرکزی فورسز کو تعینات کیا جائے تاکہ اس حکم کی تعمیل کو یقینی بنایا جا سکے۔

مرکزی وزرا بھوپندر یادو، انوراگ ٹھاکر اور مختار عباس نقوی پر مشتمل وفد نے ترنمول کانگریس پر بھگوا پارٹی کے حامیوں کے خلاف تشدد کا استعمال کرنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔

ملاقات کے بعد یادو نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سابق ریاستی یونٹ کے سربراہ دلیپ گھوش اور دیگر بی جے پی کارکنوں پر حملہ شرمناک ہے۔ انھوں نے ٹویٹ کیا ’’ہم سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں کیوں کہ ممتا بنرجی اور ٹی ایم سی کو جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کا کوئی احترام نہیں ہے۔‘‘

بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے حامیوں نے پیر کی دوپہر گھوش کی طرف سے گھر گھر جانے کی مہم کے دوران ہاتھا پائی کی تھی۔ بی جے پی نے دعویٰ کیا تھا کہ ترنمول کانگریس کے حامیوں نے گھوش کو ’’لاتیں ماریں، دھکا دیا اور بدسلوکی کی۔‘‘

بھبانی پور ضمنی انتخابات

واضح رہے کہ ممتابنرجی کو وزیر اعلیٰ کے طور پر اپنا سفر جاری رکھنے کے لیے نومبر کے پہلے ہفتے تک ایم ایل اے کے طور پر منتخب ہونے کی ضرورت ہے۔

اس سال کے شروع میں ہونے والے مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بنرجی نے نندیگرام سیٹ سے سووندو ادھیکاری سے 1،956 ووٹوں کے فرق سے ہار گئی تھیں اور انھوں نے ووٹوں کی گنتی میں مبینہ دھوکہ دہی کا الزام لگایا تھا۔

بی جے پی نے ضمنی انتخابات کے لیے بنرجی کے خلاف وکیل پرینکا تبریوال کو میدان میں اتارا ہے۔

اس سے قبل کلکتہ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے ضمنی انتخابات کو ترجیحی بنیادوں پر منعقد کرنے کے فیصلے پر روک لگانے سے انکار کرتے ہوئے بھبانی پور ضمنی انتخاب کو مقررہ وقت کے مطابق منعقد کرنے کی اجازت دی تھی۔

الیکشن کمیشن نے بھبانی پور ضمنی انتخاب کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے مغربی بنگال حکومت کی ’’آئینی ضرورت اور خصوصی درخواست‘‘ پر غور کرتے ہوئے اس تاریخ کو انتخابات کا شیڈول کیا تھا۔

پول پینل نے یہ فیصلہ چیف سکریٹری ایچ کے دویدی کے ذریعے اس کو یہ لکھے جانے کے بعد لیا ہے کہ اگر ضمنی انتخاب نہ ہوا تو آئینی بحران پیدا ہوگا۔

بھبانی پور ضمنی انتخاب کے ووٹوں کی گنتی 3 اکتوبر کو ہوگی۔