سوشل میڈیا پر اثر و رسوخ رکھنے والوں کو کسی برانڈ کو فروغ دینے کے لیے حاصل ہونے والے مادی فوائد کا انکشاف کرنا ہوگا: مرکز

نئی دہلی، جنوری 21: مرکز نے جمعہ کو مشہور شخصیات اور سوشل میڈیا اسٹارز کے لیے یہ لازمی قرار دیا ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے کسی پروڈکٹ یا برانڈ کو فروغ دینے کے بدلے میں حاصل ہونے والے کسی بھی مادی فائدے کا انکشاف کریں۔

اگر وہ ایسا نہیں کرتے ہیں تو سنٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی ان پر 50 لاکھ روپے تک کا جرمانہ عائد کر سکتی ہے۔

تازہ گائیڈ لائنز کا ایک نیا سیٹ محکمۂ برائے امورِ صارفین کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔

رہنما خطوط کے تحت اثر و رسوخ رکھنے والوں کو کسی بھی پروڈکٹ کی تشہیر کرتے وقت مادی مفادات جیسے تحائف، ہوٹل کی رہائش، ایکویٹی، چھوٹ یا ایوارڈز ظاہر کرنے کی ضرورت ہوگی۔ خلاف ورزیوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی جس میں ان کے ذریعے مصنوعات کی تشہیر کرنے پر پابندی لگانا شامل ہے۔

ایک پریس کانفرنس میں صارفین کے امور کے سکریٹری روہت کمار سنگھ نے کہا کہ اثر و رسوخ رکھنے والوں کو ذمہ داری سے برتاؤ کرنے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ یہ قواعد اس بات کو یقینی بنانے کے لیے جاری کیے گئے ہیں کہ وہ افراد مصنوعات یا خدمات کی تشہیر کرتے وقت اپنے سامعین یا ناظرین کو گمراہ نہ کریں اور یہ کہ وہ کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ کی تعمیل کرتے رہیں۔

سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی کی چیف کمشنر ندھی کھرے نے کہا کہ کسی بھی شکل یا میڈیم میں گمراہ کن اشتہارات قانون کے ذریعہ ممنوع ہیں۔