بڑھتی فضائی آلودگی کے سبب دہلی میں کل سے اسکول اگلے احکامات تک بند
نئی دہلی، دسمبر 2: اے این آئی کے مطابق حکومت کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے جمعرات کو کہا کہ آلودگی کی بلند سطح کے سبب دہلی کے تمام اسکول جمعہ سے اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔
اسکول صرف چار دن پہلے 29 نومبر کو تمام کلاسوں کے لیے دوبارہ کھلے تھے۔ دیوالی کے بعد فضائی آلودگی کے بحران کی وجہ سے وہ 13 نومبر سے بند تھے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق گوپال رائے نے کہا ’’ہم نے اس پیشین گوئی پر غور کرتے ہوئے اسکول دوبارہ کھول دیے تھے کہ ہوا کا معیار بہتر ہوگا۔ تاہم فضائی آلودگی کی سطح ایک بار پھر بڑھ گئی ہے اور ہم نے جمعہ سے اسکولوں کو اگلے احکامات تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘‘
یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب سپریم کورٹ نے یہ سوال کیا کہ آلودگی کی بلند سطح کے باوجود اسکول کیوں کھلے ہیں۔ عدالت نے کہا کہ ’’تین سال اور چار سال کے بچے اسکول جا رہے ہیں لیکن بالغ گھر سے کام کر رہے ہیں۔‘‘
دہلی حکومت کی نمائندگی کرنے والے ابھیشیک منو سنگھوی نے کہا کہ اس نے آن لائن کلاسز کو جاری رکھنے کی اجازت دیتے ہوئے اسکولوں کو دوبارہ کھول دیا ہے۔ سنگھوی نے نوٹ کیا کہ ’’اسکولوں کے بارے میں ‘سیکھنے کے نقصان’ پر کافی بحث ہوتی ہے۔‘‘
تاہم عدالت نے کہا کہ اگر حکومت کارروائی نہیں کرتی ہے تو وہ ’’سخت کارروائی‘‘ کرے گی۔
دہلی کے تمام اسکولوں کو یکم نومبر سے کلاسوں کے لیے دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی تھی۔ تاہم اسکولوں کو ان طلبہ کے لیے بھی آن لائن کلاسز جاری رکھنے کی اجازت تھی جو فزیکل کلاسز میں شرکت کے لیے تیار نہیں تھے۔
اس سے قبل دہلی میں پرائمری اسکول کووڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے 12 مارچ 2020 سے بند کر دیے گئے تھے۔ اس سال جنوری میں نویں سے بارہویں جماعت کے لیے اسکول دوبارہ کھولے گئے تھے لیکن کورونا وائرس کی دوسری لہر کی وجہ سے 9 اپریل کو دوبارہ بند کر دیے گئے۔ یکم ستمبر سے دہلی میں 9ویں سے 12ویں جماعت کے اسکول دوبارہ کھل گئے تھے۔