دہلی بی جے پی کے سربراہ آدیش گپتا نے شہری انتخابات میں پارٹی کی ہار کے بعد آج استعفیٰ دیا

نئی دہلی، دسمبر 11: دہلی بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر آدیش گپتا نے میونسپل کارپوریشن انتخابات میں پارٹی کی شکست کے بعد اتوار کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

بدھ کو عام آدمی پارٹی نے دہلی میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں 250 وارڈوں میں سے 134 پر کامیابی حاصل کی۔ پارٹی نے بی جے پی کو شکست دی جس نے گذشتہ 15 سالوں سے شہری ادارے پر حکومت برقرار رکھی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی 104 سیٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔ اکثریت کا نشان 126 تھا۔

پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری ارون سنگھ نے اتوار کو کہا ’’دہلی بی جے پی یونٹ کے نائب صدر وریندر سچدیوا کو اگلے حکم تک ریاستی یونٹ کا ورکنگ سربراہ مقرر کیا جا رہا ہے۔‘‘

گپتا کو جون 2020 میں بی جے پی کی دہلی یونٹ کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔

بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد گپتا نے کہا تھا کہ بی جے پی ایک مضبوط اپوزیشن کے طور پر کام کرے گی اور دہلی کے باشندوں کو عام آدمی پارٹی جیسی ’’بدعنوان‘‘ پارٹی سے بچائے گی۔

بدھ کو نتائج واضح ہونے کے بعد دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے کنوینر اروند کیجریوال نے شہر کے باشندوں کی حمایت کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا تھا۔

کیجریوال نے کہا تھا ’’پہلے تو لوگوں نے ہمیں اسکولوں اور اسپتالوں کو ٹھیک کرنے کی ذمہ داری دی اور ہم نے وہ کیا۔ اب دہلی نے اپنے بیٹے کو صفائی کو یقینی بنانے کی ذمہ داری دی ہے… میں دہلی کے لوگوں کا مقروض رہوں گا۔‘‘