کیرالہ بلاسٹ: کوچی سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے لی دھماکے کی ذمہ داری

 کوچی کے رہنے والے ڈومینک مارٹن نامی شخص نے تھانے میں پولیس کے سامنے خودسپردگی کی

ترواننت پورم،29 اکتوبر :۔

کیرالہ کے کالامسری میں جمرا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں ہوئے بم دھماکوں کے  سلسلے میں ایک اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ کوچی کے رہنے والے ایک شخص نے ان دھماکوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے تھانے پہنچ کر پولیس کے سامنے خودسپردگی کر دی۔

رپورٹ کے مطابق اے ڈی جی پی (لا اینڈ آرڈر) ایم آر اجیت کمار نے بتایا کہ تھریسور رورل کے کوڈاکارا پولیس اسٹیشن میں ایک شخص نے خودسپردگی کی ہے، جس نے دعویٰ کیا ہے کہ دھماکے اسی نے کروائے تھے۔رپورٹ کے مطابق سرینڈر کرنے والا شخص کوچی سے تعلق رکھتا ہے اور اس کا نام ڈومینک مارٹن ہے۔ ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ بم اس نے نصب کیا تھا جس کے نتیجے میں ایک خاتون جاں بحق اور 40 افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے سات کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ دھماکے کے بعد ریاست سے لے کر مرکز تک سر گرمی جاری ہے ۔دریں اثناء کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پنارائی وجین نے پیر کو ریاست کے دارالحکومت ترواننت پورم میں دھماکے پر تبادلہ خیال کے لیے ایک آل پارٹی میٹنگ بلائی ہے۔  دھماکوں کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے کو انجام دینے کے لیے ٹفن باکس میں رکھے ہوئے دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کا استعمال کیا گیا تھا۔

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ یہ خوف و ہراس پھیلانے کی نیت سے کیا گیا۔ دھماکے کے وقت کنونشن سینٹر میں تقریباً دو ہزار افراد موجود تھے۔