فضائی آلودگی: دہلی میں سرکاری ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے اور ٹرکوں پر پابندی کی مدت میں 26 نومبر تک توسیع
نئی دہلی، نومبر 22: پی ٹی آئی کی خبر کے مطابق فضائی آلودگی کے پیش نظر دہلی میں سرکاری ملازمین کے لیے گھر سے کام کرنے اور غیر ضروری اشیاء لے جانے والے ٹرکوں کے داخلے پر پابندی کو 26 نومبر تک بڑھا دیا جائے گا۔
دارالحکومت کے محکمہ ماحولیات کی طرف سے جاری کردہ ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ہوا کے معیار کی خراب پیش گوئی کی وجہ سے گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندیوں میں توسیع کی ضرورت ہے۔
حکم میں کہا گیا ہے کہ ’’دہلی میں 26 نومبر تک ٹرکوں کا داخلہ روک دیں سوائے ضروری اشیاء لے جانے والے ٹرکوں کے، اس تاریخ میں مزید توسیع اگلے جائزے سے مشروط ہے۔‘‘
دہلی حکومت نے مزید کہا کہ اس کے تمام دفاتر، سوائے ان کے جو کہ ہنگامی خدمات میں شامل ہیں، 26 نومبر تک بند رہیں گے۔ حکم نامے میں کہا گیاہے ’’تمام افسران/ اہلکار گھر سے کام کریں۔‘‘
سسٹم آف ایئر کوالٹی اینڈ ویدر فورکاسٹنگ اینڈ ریسرچ کے مطابق پیر کی صبح دہلی کا ہوا کے معیار کا انڈیکس 315 تھا، جو ’’انتہائی خراب‘‘ زمرے میں آتا ہے۔
غیر صحت مند ہوا کے معیار کی وجہ سے دہلی کے اسکول بھی بند کردیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے اتوار کو ایک حکم میں کہا تھا کہ اسکول اگلے احکامات تک بند رہیں گے۔
پی ٹی آئی نے اطلاع دی ہے کہ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے پیر کو سینئر افسران کے ساتھ میٹنگ کرنے والے ہیں۔
4 نومبر کو دیوالی کے بعد ہوا کا معیار دہلی اور اس کے پڑوسی شہروں میں بگڑ گیا، جس نے علاقے کو زہریلے دھوئیں میں ڈھانپ دیا۔ آلودگی خطرناک حد تک پہنچنے پر سپریم کورٹ نے بھی نوٹس لیا۔
17 نومبر کو کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ نے دہلی اور اس کے پڑوسی علاقوں میں آلودگی کے بحران سے نمٹنے کے لیے ہدایات کا ایک تفصیلی سیٹ جاری کیا تھا۔ گھر سے کام کرنا، ٹرکوں کے داخلے پر پابندی اور اسکولوں کو بند کرنا کمیشن کے تجویز کردہ اقدامات میں شامل تھے۔