دہلی میں صرف اگلے 5 سے 6 دن تک کے لیے ہی ویکسین موجود ہے، 2.6 کروڑ مزید ویکسین کی ضرورت: اروند کیجریوال
نئی دہلی، مئی 8: دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج مرکزی حکومت سے اپیل کی کہ وہ دہلی کو اگلے تین مہینوں میں شہر کی پوری آبادی کو ویکسین دینے کے لیے 2.6 کروڑ مزید ویکسین کی خوراک فراہم کرے۔
کیجریوال نے کہا کہ اس وقت ویکسینوں کی بہت بڑی قلت ہے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ دہلی میں فی الحال صرف اگلے پانچ سے چھ دن تک کے لیے ہی کافی ویکسین بچی ہوئی ہے۔
کیجریوال نے کہا کہ دارالحکومت کو اب تک مرکز سے تقریباً 40 لاکھ ویکسین کے شاٹس موصول ہوئے ہیں جب کہ دہلی کی ضرورت تقریباً تین کروڑ خوراکوں کی ہے۔
انھوں نے کہا ’’ہمیں دہلی میں تمام افراد کے ویکسینیشن کے لیے تین ماہ تک ہر ماہ 80 سے 85 لاکھ ویکسین کی خوراک کی ضرورت ہے۔ ہمارا منصوبہ تین مہینوں میں ہر ایک کو ویکسین دینے کا ہے اور اس کے لیے ہمیں اتنی ویکسین خوراکوں کی ضرورت ہے۔‘‘
انھوں نے کہا کہ دہلی میں اچھے انتظامات کرنے کی وجہ سے آس پاس کے شہروں کے لوگ بھی دارالحکومت میں ویکسین لینے آرہے ہیں۔ اترپردیش کے پڑوسی اضلاع جیسے نوئیڈا اور غازی آباد کے رہائشی ویکسین کے لیے دارالحکومت آ رہے ہیں۔ ’’لہذا، دہلی میں ہر ماہ تقریباً 80 سے 85 لاکھ ویکسین کی ضرورت ہوگی۔ بلکہ ہمارے ہدف کو پورا کرنے کے لیے شاید اس سے بھی تھوڑا زیادہ کی۔‘‘
وزیر اعلی نے کہا کہ اس وقت دہلی کے 100 مراکز پر شہر میں روزانہ ایک لاکھ افراد کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ مراکز کی تعداد بڑھا کر 300 کردی جائے گی۔
کیجریوال نے مزید کہا کہ وائرس کی تیسری لہر کو روکنے کے لیے ویکسینیشن بہت ضروری ہے اور یہ کہ ’’لوگ تیسری لہر کو لے کر خوف زدہ ہیں۔‘‘ کیجریوال ن مرکز سے بچوں کے لیے ویکسین کی تیاری پر بھی زور دیا کیوں کہ حکومت ’’ان کی خیریت کے لیے فکرمند ہے۔‘‘