مغربی بنگال: ممتا بنرجی نے مودی کو خط لکھ کر کسانوں کو 18،000 روپے دینے کا اپنا وعدہ پورا کرنے کے لیے کہا

مغربی بنگال، مئی 8: بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر جمعرات کے روز لگاتار دوسرے دن دباؤ بناتے ہوئے مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر انتخابی مہم کے دوران پی ایم کسان اسکیم کے تحت کسانوں کو 18000 روپے کے بقایاجات جاری کرنے کی ان کی یقین دہانی کی یاد دلائی۔

انھوں نے خط میں یہ بھی کہا کہ ریاستی حکومت یا کسانوں کو کہیں سے کوئی فنڈ موصول نہیں ہوا ہے۔

بدھ کے روز ممتا نے ریاست میں تیسری بار اقتدار سنبھالنے کے بعد مودی کو اپنا پہلا خط لکھا، جس میں ان سے ملک میں سب کے لیے مفت ویکسینیشن کو یقینی بنانے کے لیے کہا گیا تھا۔

ممتا بنرجی نے خط میں لکھا ہے ’’میں اس بات کو مزید مستحکم کرنا چاہتی ہوں کہ آپ کے حالیہ ریاست کے دورے کے دوران آپ نے ہر کسان کو 18،000 روپے کی بقایا رقم جاری کرنے کی بار بار یقین دہانی کرائی تھی، لیکن آج تک ریاست مغربی بنگال یا کسانوں کو کوئی فنڈ نہیں ملا ہے۔‘‘

بنرجی نے مزید لکھا ’’لہذا، میں آپ سے درخواست کرتی ہوں کہ برائے مہربانی متعلقہ وزارت کو ہدایت دیں کہ وہ اہل کسانوں کو مناسب فنڈ جاری کریں اور 21.79 لاکھ کسانوں کا ڈیٹا بیس شیئر کریں۔‘‘

معلوم ہو کہ اپنے انتخابی منشور میں بی جے پی نے بنگال کے 75 لاکھ کاشتکاروں کو ایک ہی بار میں پچھلے تین سالوں کا بقایا 18،000 دینے کا وعدہ کیا تھا۔

مرکزی وزیر زراعت کے خط، مورخہ 6 نومبر 2020 کے مطابق اس سکیم کے لیے رجسٹریشن کروانے والے 21.79 لاکھ کسانوں میں سے 14.91 لاکھ ڈیٹا پورٹل میں اپ لوڈ کیے گئے ہیں، جن کی تصدیق کی گئی تھی اور ان میں سے 9.84 لاکھ اعداد و شمار پی ایف ایم ایس کے لیے تیار ہیں۔

ممتا نے مودی کو مغربی بنگال کے کاشتکاروں کو مرکزی اسکیم کے فوائد فراہم کرنے کے بارے میں ریاستی حکومت کی طرف سے مرکز کو پہلے لکھے گئے خطوں کی بھی یاد دلائی۔