دہلی: عالمی کتاب میلے میں ہجوم نے ’’جے شری رام‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے ایک عیسائی تنظیم کے اسٹال پر توڑ پھوڑ کی
نئی دہلی، مارچ 2: بائبل کی کاپیوں کی تقسیم پر اعتراض کرنے کے بعد بدھ کو دہلی کے عالمی کتاب میلے میں ایک ہجوم نے مبینہ طور پر ایک عیسائی تنظیم کے بک اسٹال پر توڑ پھوڑ کی۔
یہ اسٹال ایک عیسائی غیر منافع بخش تنظیم گیڈون انٹرنیشنل چلا رہی تھی۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں ہجوم کو ’’جے شری رام’’، ’’بھارت ماتا کی جے‘‘ اور ’’فری بائبل بند کرو‘‘ کے نعرے لگاتے ہوئے دیکھا گیا۔
کتاب میلے میں موجود ایک رضاکار نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ وہاں اور بھی اسٹالز ہیں جہاں دیگر مذاہب کی کتابیں مفت تقسیم کی جا رہی ہیں۔
???? At the #WorldBookFair2023 Gideons International Stall distributing Free Bible attacked today. Slogans of "Jai Shree Ram” and "Bharat Mata ki jai were raised.”
???????? pic.twitter.com/71HiAea3ZV— Sumedhapal (@Sumedhapal4) March 1, 2023
رضاکار نے کہا کہ ’’ہجوم نے ہم پر لوگوں کو زبردستی کتابیں دے کر ان کا مذہب تبدیل کرنے کا الزام لگایا۔ ہم نے انھیں بتایا کہ ہم صرف لوگوں میں مفت کتابیں تقسیم کر رہے ہیں۔ کچھ اور لوگ بھی ہیں جو دوسرے مذاہب کی مذہبی کتابیں مفت میں تقسیم کر رہے ہیں۔ لیکن انھوں نے ہماری بات نہیں سنی۔‘‘
نیوز لانڈری نے کم از کم 15 گواہوں اور غیر منافع بخش رضاکاروں کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی کہ ہجوم بدھ کو تقریباً 2.15 بجے اسٹال کے قریب پہنچا۔ انھوں نے ہنومان چالیسہ کا ورد کرنا شروع کیا اور اسٹال پر موجود رضاکاروں سے کہا کہ ’’مفت میں بائبل کی کاپیاں تقسیم کرنا بند کریں‘‘ اور ’’لوگوں کو عیسائی بنانا بند کریں۔‘‘
رضاکاروں نے دعویٰ کیا کہ مظاہرین نے مذہبی کتابیں اور پوسٹر پھاڑ دیے، تاہم پولیس نے اس الزام کی تردید کی ہے۔
ایک پولیس اہلکار نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ’’ہم نے علاقے کی جانچ کی، کوئی کتاب نہیں پھٹی۔ گروپ نے صرف احتجاج کیا تھا اور اسے جلد ہی ہٹا دیا گیا تھا۔ کوئی رکاوٹ یا تشدد نہیں ہوا۔ وہ شکایت درج نہیں کرنا چاہتے اور کہا کہ معاملہ حل ہو گیا ہے۔‘‘