’کشمیر والا‘ کے خلاف مرکز کی کارروائی کشمیری صحافیوں کو ڈرانے کی ایک اور کوشش: ڈجی پب
نئی دہلی، اگست 22: Digipub نیوز انڈیا فاؤنڈیشن نے پیر کو کہا کہ مرکزی حکومت کا دی کشمیر والا کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بغیر نوٹس جاری کیے یا سرکاری حکم جاری کیے بغیر بلاک کرنے کا فیصلہ کشمیری صحافیوں کو دھمکانے کا ایک اور قدم ہے۔
ایسوسی ایشن آف انڈیپینڈنٹ ڈیجیٹل نیوز آرگنائزیشن ڈجی پب نے اپنے بیان میں کہا ’’یہ واقعات کشمیر میں میڈیا کو خاموش کرنے کے لیے قانون کے من مانی غلط استعمال کی عکاسی کرتے ہیں، جہاں چار سال سے حکومت کی کارروائی کا صحافیوں، صحافت اور آزادی اظہار کے بنیادی حق پر منفی اثر پڑا ہے۔ وہاں کے صحافی دہشت گردی اور قومی سلامتی سے متعلق سخت قوانین کے تحت طویل عرصے تک جیل جانے کے خوف کے ساتھ رہتے ہیں۔‘‘
اتوار کے روز دی کشمیر والا نیوز پورٹل نے کہا کہ سرور فراہم کرنے والے نے 19 اگست کو عملے کو مطلع کیا کہ الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی وزارت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000 کے تحت ان کی ویب سائٹ کو بلاک کر دیا ہے۔
اس کے بعد عملے نے دریافت کیا کہ کشمیر والا کے فیس بک پیج کو تقریباً نصف ملین فالوورز کے ساتھ ہٹا دیا گیا ہے اور اس کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کو ’’قانونی مطالبے کے جواب میں‘‘ روک دیا گیا ہے۔
دی کشمیر والا نے مزید کہا کہ تنظیم کے خلاف یہ کارروائی ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب اس کا عملہ مالک مکان کی طرف سے بے دخلی کا نوٹس ملنے کے سبب سرینگر میں اپنا دفتر خالی کرنے کے عمل میں مصروف تھا۔
Digipub نیوز انڈیا فاؤنڈیشن نے کہا کہ کشمیر میں صحافیوں کو اس وقت سے بڑھتی ہوئی رفتار سے دھمکیوں، ہراساں کیے جانے اور گرفتاریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جب سے مرکز نے ریاست کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کرکے اسے 2019 میں دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کر دیا۔
اس میں مزید کہا گیا کہ کشمیری صحافیوں کو طلب کیا گیا، ان سے پوچھ گچھ کی گئی، ان کی رپورٹس کی بنیاد پر انھیں حراست میں لیا گیا اور حکام کی جانب سے بغیر کسی وضاحت کے انھیں سفری پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا۔
آرگنائزیشن نے کہا ’’اس ماحول میں جہاں وہ آئین میں دی گئی انفرادی آزادیوں اور مراعات پر مزید بھروسا نہیں کر سکتے، رپورٹرز میدان چھوڑ چکے ہیں، اور جو لوگ کام جاری رکھے ہوئے ہیں وہ شدید دباؤ اور تناؤ میں رہتے ہوئے کام کر رہے ہیں۔۔۔ اس سے ہندوستان میں آزاد پریس اور جمہوریت کے وجود کو خطرہ ہو گا۔‘‘
غیر سرکاری تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے بھی کہا کہ اسے کشمیری نیوز ویب سائٹ کے خلاف کارروائی پر تشویش ہے۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا کہ کشمیر میں آزاد میڈیا کو ہراساں اور دھمکانے کے لیے سرکاری جبر کے ایک طویل عرصے سے تیار کردہ پیٹرن میں یہ ایک اور من مانی کارروائی ہے۔ ’’بھارتی حکام کو آزاد کشمیریوں کی آوازوں کی مسلسل سکڑتی ہوئی تعداد کے خلاف یہ کریک ڈاؤن ختم کرنا چاہیے۔‘‘