مرکز نے بامبے ہائی کورٹ میں کہا کہ اس کے حقائق کی جانچ کرنے والے یونٹ کو 5 جولائی تک مطلع نہیں کیا جائے گا

نئی دہلی، اپریل 27: مرکز نے جمعرات کو بمبئی ہائی کورٹ کو بتایا کہ ایک مجوزہ حقائق کی جانچ کرنے والی باڈی مرکزی حکومت کے بارے میں کسی بھی معلومات کو ’’جعلی، غلط یا گمراہ کن‘‘ کے طور پر ٹیگ کرنے کی طاقت کے ساتھ 5 جولائی تک مطلع نہیں کی جائے گی۔

جسٹس جی ایس پٹیل اور نیلا گوکھلے کی بنچ اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا کی درخواست پر سماعت کر رہی تھی جس میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے قوانین میں نئی ترمیم کی آئینی جواز کو چیلنج کیا گیا ہے۔ 6 اپریل کو مطلع کردہ ترمیم آن لائن گیمنگ اور مرکزی حکومت سے متعلق خبروں کو منظم کرتی ہے۔

کامرا کا کہنا ہے کہ یہ ترمیم آئین کی دفعہ 19 کے تحت اظہار رائے کی آزادی کی خلاف ورزی کرتی ہے اور شہریوں پر اس کا منفی اثر پڑے گا۔ اپنی درخواست میں انھوں نے عدالت سے کہا کہ جعلی اور جھوٹی خبروں کی شناخت مرکز نہیں کر سکتا کیوں کہ یہ حکومت کے اپنے ہی کیس میں جج ہونے کے مترادف ہے۔

سول سوسائٹی کی کئی تنظیموں نے بھی حکومت کی طرف سے مطلع شدہ فیکٹ چیک یونٹ سے متعلق پروویژن کے ممکنہ غلط استعمال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے اس اقدام کو سخت اور سنسر شپ کے مترادف قرار دیا ہے۔

تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی کی زیرقیادت مرکزی حکومت کا موقف ہے کہ غلط اور گمراہ کن معلومات انتخابی جمہوریت، معیشت اور ملک کے سماجی تانے بانے کو کئی طرح سے نقصان پہنچا سکتی ہیں۔

اس نے حقائق کی جانچ کرنے والے یونٹ کا یہ کہتے ہوئے جواز پیش کیا کہ ہندوستان میں سوشل میڈیا پر شیئر کی جانے والی زیادہ تر خبریں عام صارفین کے ذریعہ تیار کی جاتی ہیں جن کے پاس معلومات کی تصدیق کرنے کے ذرائع نہیں ہیں۔

جمعرات کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سالیسیٹر جنرل انل سنگھ نے عدالت پر زور دیا کہ وہ 8 جون کو اس کیس کی سماعت کرے۔

تاہم کامرا کی نمائندگی کرنے والے سینئر ایڈوکیٹ ڈیریس کھمباٹا نے التوا کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ایک بار نوٹیفکیشن شائع ہونے کے بعد اس کا اطلاق مواد پر سابقہ طور پر ہوگا۔

تاہم بنچ نے کہا کہ اسے ترمیم شدہ قواعد پر روک لگانے کی درخواست پر فوری طور پر سماعت کرنے کی کوئی وجہ نہیں ملتی ہے اور سنگھ کے مطالبے سے اتفاق کیا ہے۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا ’’فیکٹ چیکنگ یونٹ کے لیے یہ اصول اس وقت تک کام نہیں کرے گا جب تک اسے مطلع نہیں کیا جاتا۔ اگرچہ یہ معاملہ عبوری طور پر سنا جاتا ہے، اس کے لیے ایک مکمل سماعت کی ضرورت ہوگی، جس میں تمام چیزوں کا احاطہ کیا جائے گا اور امکان ہے کہ اسے حتمی نمٹانے کے لیے سنا جائے گا۔ ہم یہ نہیں دیکھتے کہ ایک ہی مواد کو دو بار کیوں سننا پڑتا ہے جب اسے ابتدائی مرحلے پر ہی ختم کیا جا سکتا ہے۔‘‘

عدالت نے کامرا کو 2 مئی تک اپنی درخواست میں ترمیم کرنے کی بھی اجازت دی تاکہ قواعد میں ترمیم کرنے کے لیے مرکز کی اہلیت کو چیلنج کیا جا سکے۔