برقعہ پوش خواتین کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ کرنے والے بی جے پی لیڈر انل انٹونی کے خلاف کیرالہ میں مقدمہ درج
نئی دہلی، نومبر 1: کیرالہ پولیس نے منگل کو بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی سکریٹری اور ترجمان انل انٹونی کے خلاف برقعہ پوش خواتین کے بارے میں سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے کے سبب مقدمہ درج کیا۔
یہ معاملہ ایک ویڈیو سے متعلق ہے جس میں طالبات کا ایک گروپ اپنے کالج میں نہ رکنے والی بس کے خلاف احتجاج کر رہا ہے۔ انٹونی نے X پر ویڈیو شیئر کی تھی، جسے پہلے ٹویٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، اور لکھا تھا کہ ’’شمالی کیرالہ میں برقع پوش خواتین کے بغیر کوئی بس نہیں چلتی۔‘‘
انٹونی پر تعزیرات ہند کی دفعہ 153A کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جو مختلف گروہوں کے درمیان دشمنی کو فروغ دینے سے متعلق ہے۔
پہلی اطلاعاتی رپورٹ اصل میں 27 اکتوبر کو نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی تھی۔ منگل کو اس معاملے میں بی جے پی لیڈر کو نامزد کیا گیا تھا۔
انٹونی کے خلاف پولس کی کارروائی الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے مرکزی وزیر مملکت راجیو چندر شیکھر کے خلاف درج ایف آئی آر کے بعد ہوئی ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق چندر شیکھر نے سوشل میڈیا پر کیرالہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی میں خلل ڈالنے اور تشدد کو بھڑکانے کے ارادے سے بیانات اور ویڈیوز پوسٹ کیں۔