مغربی بنگال انتخابات: بی جے پی کے سووندو ادھیکاری نے نندی گرام سے ممتا بنرجی کی نامزدگی مسترد کرنے کی درخواست دائر کی

مغربی بنگال، مارچ 16: این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر سووندو ادھیکاری نے پیر کے روز مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کے خلاف الیکشن کمیشن میں شکایت درج کروائی ہے، جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ نندی گرام ضلع سے ان کی نامزدگی مسترد کردی جائے کیوں کہ انھوں نے مبینہ طور پر اپنے انتخابی حلف نامے میں چھ زیر التوا مجرمانہ مقدمات کا ذکر نہیں کیا ہے۔ انھوں نے بنرجی پر ’’حقائق کو دبانے‘‘ کا الزام لگایا۔

آئندہ اسمبلی انتخابات میں ترنمول کانگریس کے سابق لیڈر اور اب بی جے پی لیڈر سووندو ادھیکاری، ممتا بنرجی کے خلاف انتخابی امیدوار ہیں۔ مغربی بنگال اسمبلی انتخابات 27 مارچ سے 29 اپریل تک آٹھ مراحل میں ہوں گے۔ نتائج کا اعلان 2 مئی کو کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں سابق وزیر مملکت نے دعوی کیا کہ بنرجی نے آسام میں ان کے خلاف دائر پانچ مقدمات کے بارے میں معلومات کا ذکر نہیں کیا ہے۔ اور ایک اور معاملہ بھی نہیں بتایا ہے جو سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن آف مغربی بنگال کے ذریعے درج کیا گیا تھا۔

انھوں نے تین ایسی خبروں کو بھی منسلک کیا جھاں ان کے الزامات کی حمایت کے لیے درکار معلومات دستیاب ہیں۔ ان میں سے ایک اگست 2018 کا انڈیا ٹوڈے کا مضمون ہے، جس کے مطابق اس وقت آسام پولیس نے بنرجی کے خلاف ’’آسام این آر سی کے بارے میں اشتعال انگیز تبصرے کرنے‘‘ کے الزام میں پانچ مقدمات درج کیے تھے۔

ادھیکاری نے شکایت درج کروانے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ میں نے جانچ پڑتال کے دوران تمام معلومات پیش کردی ہیں۔ الیکشن کمیشن کو اس پر سوال اٹھانا ہوگا۔

تاہم سی بی آئی کے ایک نامعلوم سینئر عہدیدار نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ ادھیکاری کے ذریعہ ذکر کردہ سی بی آئی کیس میں وزیر اعلی نہیں بلکہ ایک دوسری خاتون شامل ہے۔ عہدیدار نے بتایا کہ ملزمہ کا نام بھی ممتا بنرجی ہی تھا۔

لیکن ادھیکاری نے کہا ’’الیکشن کمیشن جانچ کرے گا کہ کیا یہ مقدمات زیر التوا ہیں۔ ان کی جانچ پڑتال کے بعد مجھے امید ہے کہ وہ قانون کے مطابق انصاف دیں گے۔ اگر مجھے انصاف نہیں ملا تو میں اسے آگے لے کر جاؤں گا۔‘‘

ترنمول کانگریس کے ترجمان کنال گھوش نے دی انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ بنرجی یقینی طور پر اس شکایت کا جواب دیں گی، جب الیکشن کمیشن اسے موصول کرلے گا۔

گھوش نے بی جے پی کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ پارٹی ’’اتنی مایوس‘‘ ہو چکی ہے کہ اب وہ بنرجی پر حقائق کی تصدیق کیے بغیر الزام لگا رہے ہیں۔ انھوں نے مزید کہا ’’سی بی آئی کیس دراصل اسی نام کی کسی اور خاتون کے خلاف ہے۔ وہ ممتا بنرجی کی شبیہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں کیوں کہ وہ جانتے ہیں کہ نندی گرام سے ان کے امیدوار جیت نہیں پائیں گے۔‘‘