آسام: درنگ میں بے دخلی مہم کے دوران مبینہ طور پر تشدد پر اکسانے کے الزام میں دو مسلم افراد کو گرفتار کیا گیا

نئی دہلی، ستمبر 28: دی انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق آسام میں پیر کے روز دو افراد کو مبینہ طور پر تشدد کو اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا جو ضلع درنگ کے سپاجھر علاقے میں ایک بے دخلی مہم کے دوران ہوا تھا۔

آسام پولیس کی جانب سے بے دخلی کے خلاف احتجاج کرنے والے دیہاتیوں پر فائرنگ کے بعد سپاجھر میں دو شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ ریاستی حکومت نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔

گرفتار افراد کی شناخت 37 سالہ عصمت علی احمد کے نام سے ہوئی ہے جو کہ کیراکرا گاؤں کا رہائشی ہے اور 47 سالہ چاند مامود جو کہ ڈھول پور 3 گاؤں کا رہنے والا ہے۔

درنگ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سشانت بسوا سرما نے انڈین ایکسپریس کو بتایا کہ ان افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے، جن میں قتل کی کوشش اور مجرمانہ سازش بھی شامل ہے۔

سرما نے کہا ’’ہماری تحقیقات سے ہم نے پایا کہ انھوں نے مظاہرین کو اکسایا، ان سے کہا کہ بے دخلی کے دوران اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں اور دوسری باتیں بھی کہیں۔‘‘

25 ستمبر کو وزیر اعلیٰ ہمنتا بسوا سرما نے تشدد میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے ملوث ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ پاپولر فرنٹ آف انڈیا کیرالہ میں قائم ایک مسلم تنظیم ہے جس پر بی جے پی حکومت ماضی میں بھی دہشت گردی کی سرگرمیوں کا الزام لگاتی رہی ہے۔

آسام حکومت پر 23 ستمبر کو پولیس نے جس طرح سے حالات کو سنبھالا تھا اس پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی تھی۔

اس واقعے کے بعد ایک ویڈیو بڑے پیمانے پر وائرل ہوئی جس میں پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کرتے ہوئے اور مظاہرین پر گولی چلاتے ہوئے دیکھا گیا۔ جس میں ایک شخص سینے پر گولی لگنے سے ہلاک ہوتا ہوا دیکھا گیا۔

پولیس کے ہمراہ ایک فوٹوگرافر نے اس شخص کی لاش کی بے حرمتی کی۔ فوٹوگرافر بیجوئے بونیا، مبینہ طور پر ایک سرکاری کیمرہ میں، بعد میں گرفتار کیا گیا۔ آسام کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے اس کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔

تاہم 25 ستمبر کو سرما نے پولیس کی کارروائی کا دفاع کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ گاؤں والوں نے پہلے ان پر حملہ کیا تھا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ آپ کو پوری ویڈیو دیکھنی ہوگی۔ مظاہرین نے پہلے تیز بیلچہ سے حملہ کیا۔ لیکن ہم جوابی کارروائی کا جواز یا حمایت نہیں کرتے۔ اگر آپ کو ویڈیو کلپ کا کوئی حصہ اٹھانا ہے تو آپ کو پورا کلپ پورا تسلسل دکھانا چاہیے۔