اے ایس آئی یوپی کے بدایوں شہر کی جامع مسجد کا سروے کرنے پر راضی
نئی دہلی، مئی 7: آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی) نے بدایوں کی ایک عدالت میں شہر کی جامع مسجد کے سروے کے لیے درخواست دی ہے۔
اے ایس آئی کی جانب سے ایک وکیل عدالت میں پیش ہوا، جس نے سروے کرنے سے اتفاق کیا اور اس کے لیے وقت بھی مانگا۔
اکھل بھارتیہ ہندو مہاسبھا کے ریاستی صدر مکیش پٹیل نے ستمبر 2022 میں سول جج، سینئر ڈویژن، بدایوں کی عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ شہر کی جامع مسجد، نیل کنٹھ مہادیو مندر تھا جسے تباہ کر کے مسجد میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔
مہاسبھا نے اے ایس آئی سے مسجد کا سروے کرانے کی مانگ کی تھی۔ اس نے کیس میں تین فریق بنائے جن میں اے ایس آئی، ریاستی حکومت اور مسجد کمیٹی شامل ہیں۔
ہندو مہاسبھا کے وکیل وید پرکاش ساہو کے مطابق اے ایس آئی جامع مسجد کا سروے کرے گا اور اس کے بعد عدالت میں اپنی رپورٹ پیش کرے گا۔
ساہو نے مزید کہا کہ عدالت نے اے ایس آئی کو رپورٹ پیش کرنے کے لیے 15 دن کا وقت دیا ہے۔
اس کیس کی سماعت کی اگلی تاریخ 30 مئی ہے۔