کرناٹک کے وزیر کا کہنا ہے کہ دسویں جماعت کے امتحانات کے دوران حجاب پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی
نئی دہلی، مارچ 28: پیر کو کرناٹک میں 10ویں جماعت کے امتحانات شروع ہوتے ہی ریاستی وزرا نے طلبا کو ہدایت کی کہ وہ تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی کے بارے میں ہائی کورٹ کے حالیہ حکم کی تعمیل کریں۔ پی ٹی آئی نے اطلاع دی کہ وزیر داخلہ آراگا جنیندرا نے خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ خلاف ورزی کرنے والی طالبات کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
جنیندرا نے کہا ’’ہر کسی کو ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کرنی چاہیے…طالبات کو حجاب اتار کر امتحان دینا ہوگا۔‘‘
جمعہ کو جاری کردہ ایک سرکلر میں ریاست کے پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے حکم دیا تھا کہ سرکاری اسکولوں کے طلبا حکومت کی طرف سے تجویز کردہ یونیفارم میں امتحانات میں شرکت کریں۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق سرکلر میں مزید کہا گیا کہ نجی اسکولوں کے معاملے میں طلبا کو متعلقہ اسکول انتظامیہ کی طرف سے تجویز کردہ یونیفارم پہننا چاہیے۔
پیر کے روز طالبات کو امتحانی مراکز میں داخل ہونے سے پہلے اپنے حجاب اتارتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
کچھ طالبات کو حجاب میں ملبوس ہونے کی وجہ سے اسکول کے احاطے میں داخل ہونے کی اجازت نہ ملنے کے بعد امتحانات سے محروم ہونا پڑا۔
پرائمری اور سیکنڈری ایجوکیشن کے وزیر بی سی ناگیش، جنھوں نے پیر کے روز کچھ امتحانی مراکز کا دورہ کیا، نے بھی پی ٹی آئی کو بتایا کہ پولیس ان لوگوں کے خلاف کارروائی کرے گی جو حکومتی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
اتوار کو ناگیش نے حجاب پر پابندی کے خلاف احتجاج کرنے والی طالبات سے کہا تھا کہ وہ ’’اپنی انا کو ختم کریں اور دوسروں کے لیے قربانی کا بکرا نہ بنیں۔‘‘