100 سابق بیورو کریٹس نے کہا کہ CAA-NRC-NPR آپس میں جڑے ہوئے ہیں، ان کی قطعی طور پر مخالفت کی جانی چاہیے

نئی دہلی، جنوری 10— 100 سے زائد سابق ​​بیوروکریٹس جن میں آئی اے ایس، آئی پی ایس اور آئی ایف ایس شامل ہیں، نے شہریت ترمیمی قانون اور حکومت کے قومی رجسٹر آف سٹیزن (این آر سی) اور قومی آبادی رجسٹر (این پی آر) کے انعقاد کے اقدام کی سختی سے مخالفت کی ہے۔ ایک کھلے خط میں انھوں نے کہا ہے کہ سی اے اے-این آر سی-این پی آر آپس میں منسلک ہیں اور ان کی مخالفت کی جانی چاہیے۔

سی اے اے کی منسوخی کا مطالبہ کرنے کے علاوہ سابقہ ​​بیوروکریٹس نے غیر ملکی (ٹریبونلز) ترمیمی آرڈر 2019 کو واپس لینے اور ملک میں نظربند کیمپوں کی تعمیر کے لیے تمام ہدایات کو واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔

افسران نے کہا ’’ہم آئین ہند سے وابستہ آل انڈیا اور سنٹرل سروسز سے تعلق رکھنے والے سابق سرکاری ملازمین پر مشتمل آئینی طرز عمل گروپ، اپنا فرض سمجھتے ہیں کہ آپ کو مطلع کریں کہ تین امور آپس میں منسلک ہیں، آپ لوگوں کو این پی آر، این آر سی اور سی اے اے سے متعلق حقائق سے آگاہ کریں اور اس بات پر زور دیں کہ ان اقدامات کی بھرپور مخالفت کی ضرورت کیوں ہے۔‘‘

سابق افسران نے کہا کہ سی اے اے – این آر سی-این پی آر کے بارے میں مسلم برادری کے خدشات جائز ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سی اے اے کی دفعات اس حکومت کے اعلی درجے کی طرف سے پچھلے کچھ سالوں کے جارحانہ بیانات کے ساتھ، ہندوستان کی مسلم برادری میں بجا طور پر گہری بےچینی کا باعث بنی ہیں، جس کو پہلے ہی لَو جہاد کے الزامات سے لے کر مویشیوں کی اسمگلنگ اور گائے کے گوشت کی کھپت کے معاملات میں امتیازی سلوک اور حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ مسلم برادری کو حالیہ دنوں میں صرف ان ریاستوں میں ہی پولیس کی کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے جہاں مرکز میں برسر اقتدار پارٹی کے ذریعہ مقامی پولیس کو کنٹرول کیا جاتا ہے۔

انھوں نے وضاحت کی ہے کہ ہندوستان کو سی اے اے کی ضرورت نہیں ہے، نہ ہی این آر سی اور نہ ہی این پی آر کی۔