۔2019 کا لوک سبھا الیکشن ہمارے جوانوں کی لاشوں پر لڑا گیا: ستیہ پال ملک

جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک نے سال 2019 میں پلوامہ حملے کو لے کر ایک بار بھی مرکزی حکومت کو نشانہ سادھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس دہشت گردی کے واقعہ کی تحقیقات کی جاتی تو اس وقت کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو استعفیٰ دینا پڑتا۔

نئی دہلی،22مئی :۔

جموں و کشمیر کے سابق گورنر ستیہ پال ملک مسلسل بی جے پی کی مرکزی حکومت کے خلاف حملے کر رہے ہیں ۔انہوں  نے ایک بار پھر پلوامہ حملے کے معاملے پر حکومت پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ 2019 کے لوک سبھا انتخابات ‘ہمارے فوجیوں کی لاشوں پر لڑا گیا تھا’۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر واقعے کی انکوائری ہوتی تو اس وقت کے وزیر داخلہ کو استعفیٰ دینا پڑتا۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ انھوں نے واقعے کے فوراً بعد وزیر اعظم نریندر مودی کو حملے کے بارے میں مطلع کیا تھا لیکن "انہوں نے مجھے خاموش رہنے کو کہا”۔دی ہندو میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق، ملک نے الور ضلع کے بانسور میں ایک پروگرام کے دوران کہا، "انتخابات (لوک سبھا 2019) ہمارے فوجیوں کی لاشوں پر لڑاگیااور کوئی تحقیقات نہیں کی گئیں۔ اگر انکوائری ہوتی تو اس وقت کے وزیر داخلہ (راج ناتھ سنگھ) کو استعفیٰ دینا پڑتا۔ کئی افسران کو جیلوں میں ڈالا جاتا اور بڑا تنازعہ ہوتا۔

ملک جموں اور کشمیر سے متعلق مسائل کے بارے میں آواز اٹھاتے رہے ہیں، جہاں وہ ریاست کو لداخ اور جموں و کشمیر کے دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تقسیم کرنے سے پہلے گورنر تھے۔انہوں نے اتوار کو پروگرام کے دوران کہا کہ جب 14 فروری 2019 کو پلوامہ حملہ ہوا تو وزیر اعظم جم کاربٹ نیشنل پارک میں شوٹنگ کر رہے تھے۔انہوں نے کہا، ‘جب وہ وہاں سے باہر آیا تو مجھے اس کا فون آیا۔ میں نے ان سے کہا کہ ہمارے فوجی مارے گئے اور وہ ہماری غلطی کی وجہ سے مارے گئے، تو انہوں نے مجھے کہا کہ چپ رہو۔

ملک سے حال ہی میں سی بی آئی نے ان کے اس دعوے پر پوچھ گچھ کی تھی کہ انہوں نے 23 اگست 2018 سے 30 اکتوبر 2019 کے درمیان جموں و کشمیر کے گورنر کی حیثیت سے اپنے دور میں انشورنس اسکیم سے متعلق فائلوں کو آگے بڑھانے کے لیے رشوت لی تھی۔

انہوں نے اڈانی معاملے کو لے کر وزیر اعظم نریندر مودی پر بھی حملہ کیا۔ ملک نے کہا کہ اڈانی نے صرف تین سالوں میں بہت زیادہ دولت بنائی ہے اور تقریب میں موجود لوگوں سے پوچھا کہ کیا وہ اپنی دولت میں اضافہ کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے پارلیمنٹ کو بتایا تھا کہ اڈانی کو 20,000 کروڑ روپے ملے اور حکومت سے پوچھا کہ یہ کہاں سے آئے۔ملک نے کہا، ‘وزیراعظم جواب نہیں دے سکے۔ وہ دو دن بات کرتے رہے لیکن ایک بات کا جواب نہ دے سکے کیونکہ ان کے پاس کوئی جواب نہیں تھا اور میں کہہ رہا ہوں کہ یہ سب ان کا پیسہ ہے۔

واضح رہے کہ سی بی آئی نے ملک سے 28 اپریل کو دہلی میں ان کی رہائش گاہ پر پوچھ گچھ کی تھی۔ ستیہ پال ملک کہہ رہے ہیں کہ سی بی آئی کی کارروائی اس لیے نہیں ہے کہ وہ اس معاملے کی جانچ میں دلچسپی رکھتے ہیں، بلکہ اس لیے کہ مرکزی حکومت انھیں پریشان کرنا چاہتی ہے کیونکہ انھوں نے پلوامہ حملے کے بارے میں انکشاف کیا تھا۔