ہند-چین سرحدی کشیدگی: ہندوستان کے وزیر خارجہ جے شنکر آج ماسکو میں اپنے چینی ہم منصب سے ملیں گے
نئی دہلی، ستمبر 10: دی انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق ہندوستان کے وزیر برائے امور امور خارجہ ایس جے شنکر آج ماسکو میں اپنے چینی ہم منصب وانگ یی سے بات چیت کریں گے۔
مئی میں لداخ میں سرحدی کشیدگی میں اضافے کے بعد ہندوستان اور چین کے وزرائے خارجہ کے مابین یہ پہلی بالمشافہ ملاقات ہوگی۔
رہنماؤں کے مابین یہ بات چیت شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوگی۔ چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ جے شنکر اور وانگ کے درمیان ظہرانے کے وقت میٹنگ ہوگی، جس کی میزبانی روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کریں گے۔
گذشتہ ہفتے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے بھی ماسکو میں ہی ایس سی او کی ایک اور میٹنگ کے موقع پر اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات کی تھی۔
دریں اثنا سات ستمبر کو لائن آف ایکچول کنٹرول پر فائرنگ کے بعد ایک بار پھر کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ چار دہائیوں میں ایل اے سی پر آتشیں اسلحے کا یہ پہلا تصدیق شدہ استعمال تھا۔ نئی دہلی اور بیجنگ دونوں نے ایک دوسرے کے فوجیوں پر ہوائی فائرنگ کا الزام عائد کیا ہے۔
پیر کو جے شنکر نے کہا تھا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول کی صورت حال ’’انتہائی سنجیدہ‘‘ ہے اور انھوں نے سیاسی سطح پر دونوں فریقوں کے درمیان ’’بہت ہی سنجیدہ گفتگو‘‘ کرنے پر زور دیا تھا۔