گیان واپی مسجد کیس: الہ آباد ہائی کورٹ نے مقامی عدالت میں سماعت پر لگائی روک
وارنسی، فروری 28— الہ آباد ہائی کورٹ نے وارانسی کی مقامی عدالت کو گیان واپی مسجد-کاشی وشوناتھ مندر کے معاملے کی سماعت کرنے سے 17 مارچ تک روک دیا ہے۔ وارانسی کے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج نے 4 فروری 2020 کو اس کیس میں سماعت دوبارہ شروع کرنے کا حکم دیا تھا۔ اس حکم کو انجمن انتظامیہ مساجد وارانسی نے ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
مقامی عدالت میں سماعت پہلے ہائی کورٹ نے روک دی تھی۔ چار فروری کے اپنے حکم میں مقامی عدالت نے کہا کہ چونکہ چھ ماہ گزر چکے ہیں اور ہائی کورٹ نے اس قیام پر کوئی فیصلہ نہیں لیا ہے لہذا مقامی عدالت میں سماعت دوبارہ شروع کی جاسکتی ہے۔ اس کو مسجد کمیٹی نے چیلنج کیا تھا۔ جسٹس اجے بھانوت نے بدھ کے روز مقامی عدالت کے 4 فروری کے حکم پر روک لگا دی اور اگلی سماعت کے لیے 17 مارچ کی تاریخ مقرر کی۔
1991 میں کاشی وشوناتھ ٹیمپل ٹرسٹ نے وارانسی سول عدالت میں ایک درخواست دائر کی تھی جس میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ یہ مندر مہاراجا وکرمادتیہ نے تقریبا 2050 سال قبل تعمیر کیا تھا اور مغل بادشاہ اورنگ زیب نے 1664 میں مندر کو تباہ کیا تھا اور مسجد کی تعمیر کے لیے مندر کی باقیات کو استعمال کیا تھا۔ جو اب گیان واپی مسجد کے نام سے مشہور ہے۔