گوگل ایڈسنس اور گوگل ڈرائیور

انفارمیشن ٹکنالوجی ۔قسط۔3

شفیق احمد آئمی، مالیگاؤں

قارئین کرام! پچھلی دو قسطوں سے ہم آپ کو گوگل کے بارے میں معلومات دے رہے ہیں اور اِس سلسلے میں ہم آپ کو ’’گوگل سرچ انجن ، جی میل ، یوٹیوب ، گوگل پلس اور بلاگر وغیرہ کے بارے میں تفصیل سے بتا چکے ہیں ۔ اِس قسط میں اس کے آگے کی معلومات پیش ہیں۔
گوگل ایڈ سنسgoogle.com/adsense
کسی زمانے میں انٹرنیٹ سے کمائی کی باتیں مذاق سمھی جاتی تھیں لیکن ’’گوگل ایڈسنس‘‘ نے اِس مذاق کو سنجیدہ حقیقت ثابت کردیا ہے ۔ ضرورت صرف اِس بات کی ہے کہ صارف سنجیدہ ہو ۔ ’’گوگل ایڈ سنس‘‘ کے ذریعے صارفین اپنی ویب سائٹ ، بلاگز اور یوٹیوب ویڈیوز میں گوگل کی جانب سے دکھائے جانے والے اشتہارات لگا کر معقول آمدنی حاصل کرسکتے ہیں ۔ طریقۂ کار یہ ہوتا ہے کہ صارف ’’گوگل ایڈ سنس‘‘ پر رجسٹریشن کرواتا ہے اور اپنی ویب سائٹ یا بلاگ کا ربط فراہم کرتا ہے ۔ ایڈسنس کی ٹیم کی جانب سے اس کی ویب یا بلاگ کو جانچا جاتا ہے کہ وہ گوگل کی متعین کردہ شرائط پر پورا اترتا ہے یا نہیں؟ کامیابی کی صورت میں اکاؤنٹ فعال کردیا جاتا ہے اور اِس طرح صارف اپنی لاتعداد ویب سائٹس اور بلاگز پر ’’گوگل ایڈ سنس‘‘ کے ذریعے اشتہارات لگاتا ہے۔ اُن ویب سائٹ کے قارئین میں سے اگر کوئی قاری ایسے کسی اشتہار پر کلک کرتا ہے تو اُس کے عوض صارف کو طے شدہ رقم دی جاتی ہے ۔ صارف کے اکاؤنٹ میں جیسے ہی 100 ڈالرز ہوتے ہیں تو گوگل اُسے تمام رقم منگوانے کی مفت سہولت فراہم کرتا ہے ۔ رقم بینک اکاؤنٹ یا ویسٹرن یونین کے ذریعے منگوائی جاسکتی ہے ۔ واضح رہے کہ ’’گوگل ایڈسنس‘‘ کا نظام صارف کی تمام تر حرکات پر گہری اور باریک نظر رکھتا ہے اور اگر صارف خود اپنی ویب سائٹ کے اشتہارات پر کلک کرتے ہوئے پایا جائے یا کوئی غیر معمولی حرکت دیکھی جائے تو گوگل ایسے اکاؤنٹ کو بلاک کرنے میں کوئی دیر نہیں لگاتا ۔ اور اگر ایک بار اکاونٹ بلاک ہوجائے تو پھر اُس کے فعال ہونے کے امکانات کم ہی ہوتے ہیں ۔ لیکن اِس میں کوئی شک نہیں کہ ’’گوگل ایڈ سنس‘‘ آن لائن آمدنی کا معتبر اور مستند ترین ذریعہ ہے ۔
گوگل ڈرائیو drive.google.com
2005 ء میں گوگل نے ’’گوگل ڈوکس‘‘ Google Docs کے نام سے آن لائن ویب بیسڈ دفتری اطلاقیے پیش کئے تھے ۔ جن کا مقصد تھا کہ صارفین کو دفتری دستاویزات تیار کر نے میں سہولت فراہم کی جائے ۔ ابتداء میں ایک جی بی 1GB کی جگہ فراہم کی گئی تھی لیکن بعد میں یہ جگہ دس جی بی 10GB کردی گئی ۔ اِس پر مستزاد یہ کہ گوگل پر بنائے جانے والی دستاویزات ’’مائیکروسافٹ آفس‘‘ یا دیگر اطلاقیوں کی ’’اپ لوڈ‘‘ کی جاتی ہیں، صرف اُن ہی کی جگہ شمار ہوتی ہے ۔ اپریل 2012ء میں گوگل کی جانب سے ’’گوگل ڈرائیو‘‘ متعارف کروائی گئی جس کے ذریعے صارف کو سہولت فراہم کی گئی کہ وہ اپنی فائلز کو آن لائن ’’بیک اپ‘‘ محفوظ رکھ سکتا ہے ۔ اِس کے کام کرنے کا انداز بالکل ’’ڈراپ باکس‘‘ کے جیسا ہے بلکہ اگر کہا جائے کہ ’’گوگل ڈرائیو‘‘ کا یہ آئیڈیا مکمل طور پر ’’ڈراپ باکس‘‘ سے اخذ کیا گیا ہے تو غلط نہ ہوگا ۔ ’’گوگل ڈرائیو‘‘ اپنے کمپیوٹر میں انسٹال کرنے کے بعد صارف کے کمپیوٹر میں ’’گوگل ڈرائیو‘‘ کے نام سے ایک فولڈر بن جاتا ہے ۔ صارف جو کچھ بھی اُس فولڈر میں کاپی کرتا ہے ، وہ آن لائن محفوظ ہوتا رہتا ہے ۔ یوں اِن تمام دستاویزات تک دنیا بھر میں کہیں بھی رسائی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ ’’گوگل ڈوکس‘‘ کو بھی ’’گوگل ڈرائیو‘‘ میں شامل کردیا گیا ہے اور نہ صرف کمپیوٹر بلکہ اب تو موبائل فونز پر بھی ’’گوگل ڈرائیو‘‘ کو استعمال کیاجاسکتا ہے ۔ ’’گوگل ڈوکس‘‘ پندرہ 15 مختلف فارمیٹس کی فائلز کو سپورٹ کرتا ہے جن میں کچھ اہم فارمیٹس یہ ہیں ۔ (1 ) مائیکرو سافٹ ورڈ .DOCS/.DOCX (2 ) مائیکرو سافٹ ایکسل/.XLSX .XLS (3 ) مائیکرو سافٹ پاور پوائنٹ .PPT/.PPTX (4 ) ایڈوبی پورٹ ایبل ڈاکیومنٹ فارمیٹ PDF (5 ) ایڈوبی السٹریٹر AI (6 ) ایڈوبی فوٹوشاپ PSD َ۔ لیکن ’’گوگل ڈرائیو‘‘ پر آپ ہرطرح کی فائلز ’’اپ لوڈ‘‘ کرسکتے ہیں۔
ہر وقت نئی ریسرچ (تحقیق)
اوپر ہم نے گوگل کی کچھ ’’انٹرنیٹ سروسیز‘‘ کے بارے میں معلومات دی ہیں ۔ اِس کے علاوہ بھی گوگل نئی نئی ریسرچ کررہا ہے اور اُس کے لیے اُس نے سائنس داں مقرر کررکھے ہیں جو ہر وقت نئی نئی ریسرچ یعنی تحقیق میں مصروف ہیں ۔ انٹرنیٹ استعمال کرنے والے گوگل کے بغیر اب مشکل سے ہی رہ سکتے ہیں ۔ اپنی نت نئی مصنوعات یا سافٹ ویئرز کی سہولیات کی وجہ سے گوگل اپنے انٹرنیٹ صارفین میں بے حد مقبول ہے ۔ یہ مصنوعات یا سافٹ وئیرز نہ صرف نئے خیالات پر مبنی ہوتی ہیں بلکہ صارفین کی زندگی پر گہرا اثر بھی ڈالتی ہیں ۔ گوگل نے اپنی مصنوعات یا سافٹ وئیرز کو جدید بنانے، نت نئی سروسیز فراہم کرنے اور صارفین پر اپنی اہمیت کا احساس ہمیشہ برقرار رکھنے کے لیے کئی نئے تحقیقی منصوبے بھی شروع کررکھے ہیں ۔ گوگل کے بارے میں معلومات کا سلسلہ جاری ہے ۔ باقی انشاء اﷲ اگلی قسط میں پیش کریں گے۔

انٹرنیٹ استعمال کرنے والے گوگل کے بغیر اب مشکل سے ہی رہ سکتے ہیں ۔ اپنی نت نئی مصنوعات یا سافٹ ویئرز کی سہولیات کی وجہ سے گوگل اپنے انٹرنیٹ صارفین میں بے حد مقبول ہے ۔ یہ مصنوعات یا سافٹ وئیرز نہ صرف نئے خیالات پر مبنی ہوتی ہیں بلکہ صارفین کی زندگی پر گہرا اثر بھی ڈالتی ہیں ۔