گنگوہ میں ڈی ایم کی بی جے پی سے ساز باز، جانچ کرے ای سی، پرینکا گاندھی

نئی دہلی: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اترپردیش کی گنگوہ اسمبلی سیٹ کے لئے ہو رہے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی میں آج ریاستی حکومت کے ایک وزیر پر دباؤ بنانے کا الزام لگایا اور چناؤ کمیشن سے اس کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔

پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کیا، ’’بھارتیہ جنتا پارٹی پارٹی اتنے گھمنڈ میں ہے کہ ان کا وزیر گنگوہ میں ہمارے جیتنے والے امیدوار کو ووٹوں کی گنتی کے مرکز سے نکال کر عوام کا فیصلہ بدلنے کی کوشش میں ہے۔ضلع مجسٹریٹ کو پانچ پانچ بار فون پر لیڈ کم کرانے کے حکم دیئے جارہے تھے۔‘‘

کانگریس جنرل سکریٹری نے اسے جمہوریت کے ساتھ ناانصافی بتایا اورچناؤ کمیشن سے اس معاملے کی جانچ کرنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ جمہوریت کی توہین ہے۔ اترپردیش کانگریس اس کے خلاف سختی سے لڑے گی۔ چناؤ کمیشن اس معاملے کی منصفانہ جانچ کرائے۔‘‘

پارٹی کے ذرائع نے بتایا کہ گنگوہ سیٹ کے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے 25 دور تک کانگریس امیدوار نعمان مسعود مسلسل سبقت بنائے ہوئے تھے لیکن اچانک اگلے کچھ ہی دور میں بی جے پی کے چودھری کرت سنگھ آگے نکل گئے۔ پارٹی لیڈروں کا کہنا ہے کہ یہ دباؤ کا نتیجہ ہوسکتا ہے۔