گروگرام کے ڈی ایل ایف میں چار افراد نے مبینہ طور پر ایک خاتون کے ساتھی زیادتی کی اور اسے تشدد کا نشانہ بنایا
نئی دہلی اکتوبر 5: اتوار کے روز علی الصبح گروگرام میں چار افراد نے مبینہ طور پر 25 سالہ خاتون کو زدوکوب کیا اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔
پی ٹی آئی نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ تمام ملزمان کو، جن کی عمریں 20 سے 26 سال کے درمیان ہیں، گرفتار کرلیا گیا ہے۔ چار میں سے تین ملزمان فوڈ ڈیلیوری کمپنی میں ملازمت کرتے ہیں۔
پولیس نے ملزمین کی شناخت رنجن یادو، پون، پنکج کمار اور گووند یادو کے نام سے کی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس کرن گویل نے بتایا کہ یہ واقعہ گڑگاؤں کے ڈی ایل ایف فیز 2 میں پیش آیا۔
گویل نے بتایا کہ چار گرفتار ملزمان میں سے ایک، رنجن یادو نے گڑگاؤں کے سکندر پور میٹرو اسٹیشن کے قریب ہفتہ کی رات اس خاتون سے ملاقات کی اور اسے ایک ریئل اسٹیٹ ڈیلر کے دفتر لے گیا۔ یادو نے ڈی ایل ایف فیز 2 میں ریل اسٹیٹ آفس میں بطور مددگار اور کلینر کام کیا تھا۔ دیگر تین ملزم پہلے ہی وہاں موجود تھے۔
متاثرہ کو متعدد چوٹیں آئی جب مزاحمت کرنے کے سبب ملزمین نے اسے دیوار پر دے مارا۔
گویل نے کہا ’’اس کے سر پر گہری چوٹ آئی تھی اور وہ گڑگاؤں کے ایک اسپتال میں داخل تھی۔‘‘
ملزم ابتدائی طور پر موقع سے فرار ہوگیا۔ کمپلیکس کے ایک سکیورٹی گارڈ نے خاتون کی چیخیں سن کر پولیس کو اطلاع دی تھی۔
گویل نے بتایا ’’سوسائٹی کے ایک سیکیورٹی گارڈ نے، جو ڈیلر کے دفتر کے باہر موجود تھا، پولیس پی سی آر وین کو اس کی اطلاع دی جو واقعے کی جگہ سے 100 میٹر کی دوری پر تھی۔‘‘
گویل نے بتایا کہ خاتون مستحکم حالت میں ہے اور کہا کہ ’’وہ ہوش میں ہیں اور انھوں نے اپنا بیان ریکارڈ کرایا ہے۔‘‘
متاثرہ نے بتایا کہ اس کے ساتھ چار افراد نے زیادتی کی اور جب اس نے مزاحمت کرنے کی کوشش کی تو اسے پیٹا۔