کورونا وائرس کے تعلق سے جعلی خبریں اور فرقہ واریت پھیلانے والوں کو بخشا نہیں جائے گا: ادھو ٹھاکرے

ممبئی، اپریل 5: مہاراشٹر کے وزیر اعلی ادھو ٹھاکرے نے سوشل میڈیا پر فرقہ وارانہ بنیاد پر تفرقہ انگیز پیغامات پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا انتباہ دیا ہے۔

دہلی کے نظام الدین میں ایک مذہبی تقریب میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد میں جمع ہونے کے بعد کوویڈ 19 کے معاملات میں اضافے کے پیش نظرسوشل میڈیا پر اقلیتی برادری کے خلاف بدنیتی پر مبنی پیغامات کے تناظر میں ادھو ٹھاکرے نے متنبہ کیا کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انھوں نے کہا ’’کورونا وائرس کے علاوہ تقسیم کرنے والا وائرس بھی ہے۔ میں ایسے لوگوں کو متنبہ کرتا ہوں کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ کوئی قانون آپ کو بچا نہ پائے۔‘‘

 

ایک ویب براڈکاسٹ میں وزیر اعلی ٹھاکرے نے کہا کہ کورونا وائرس کے مد نظر مہاراشٹر میں سیاسی، مذہبی یا کھیل سے متعلق پروگراموں کی اگلے احکامات اجازت نہیں دی جائے گی تاکہ لوگ اکٹھے نہ ہوں۔

ٹھاکرے نے کہا کہ کورونا وائرس کے بحران سے نمٹنے کا واحد حل گھر کے اندر رہنا اور معاشرتی فاصلہ برقرار رکھنا ہے۔

انھوں نے کہا ’’کورونا وائرس ہمارے ساتھ صبر کا کھیل کھیل رہا ہے۔ ریاست کے عوام میں ہمت، نظم و ضبط اور اعتماد کا فقدان نہیں ہے۔ (بحران کے وقت) خود اعتمادی ضروری ہے۔ یہ مجھ میں ہے اور میں جانتا ہوں کہ یہ آپ میں بھی ہے۔ اگر آپ پراعتماد ہیں تو پھر کوئی بھی (کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں) ہماری فتح نہیں روک سکتا۔‘‘

’’انہوں نے کہا ’’میں بندش کے دوران لوگوں سے عاجزی کے ساتھ نظم و ضبط اور معاشرتی فاصلے پر عمل کرنے کی درخواست کرتا ہوں۔ یہ اس لیے ہے کہ میں آپ کو بچانا چاہتا ہوں۔ برائے کرم گھروں میں رہیں۔‘‘

انھوں نے کہا کہ کوویڈ 19 کے 51 مریض ریاست میں ٹھیک ہوگئے ہیں اور انھیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔